ترنمول کانگریس کی سابق سربراہ ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کا نام اور انتخابی نشان باغی دھڑے کے ہاتھوں کھونے کے بعد نندی گرام ضمنی انتخاب میں کانگریس امیدوار ملن پردھان کی حمایت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے چند گھنٹوں کے بعد ہی پولیس نے انہیں 2007 کے نندی گرام میں حصول اراضی کے خلاف چلنے والی تحریک کے دوران درج کیے گئے ایک پرانے قتل کے معاملے میں گرفتار کر لیا۔

کولکاتہ : بنگال میں نندی گرام ضمنی انتخاب کے لیے کانگریس امیدوار کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا، جب ممتا بنرجی نے چند گھنٹے قبل ہی اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی ان کی حمایت کرے گی۔
سنچیتا پردھان ڈے، جو ترنمول کانگریس کی امیدوار تھیں، انہوں نے آج اپنا نامزدگی کا پرچہ واپس لے لیا۔ اس سے قبل ٹی ایم سی کی سابق سربراہ ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کا نام اور انتخابی نشان ایک باغی دھڑے کے ہاتھوں کھودیا تھا۔
بنرجی نے اعلان کیا کہ وہ نندی گرام سیٹ کے لیے کانگریس کے امیدوار کی حمایت کریں گی۔ اس سیٹ پر ضمنی انتخاب اس لیے ضروری ہو گیا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سوویندو ادھیکاری نے دو سیٹوں سے انتخاب لڑا تھا۔
خبروں کے مطابق، ادھیکاری کے براہ راست کنٹرول والی پولیس نے کانگریس امیدوار ملن پردھان کو 2007 کے نندی گرام کے حصول اراضی مخالف تحریک کے دوران درج کیے گئے ایک پرانے قتل کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ نندی گرام نے نہ صرف ممتا بنرجی بلکہ کبھی ان کے بھروسے مند ساتھی رہے سوویندو ادھیکاری کے سیاسی کیریئر کو بھی تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
نندی گرام بنگال کی سیاست میں ایک انتہائی اہم حلقہ رہا ہے۔ 2007 کے حصول اراضی مخالف تحریک یہاں کی سیاست میں ایک فیصلہ کن موڑ ثابت ہوئی تھی اور اسی تحریک کے بعد ممتا بنرجی کا سیاسی اثر تیزی سے بڑھا۔ 2021 کے اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی نے نندی گرام سے سوویندو ادھیکاری کے خلاف انتخاب لڑا تھا، تاہم ادھیکاری نے انہیں معمولی فرق سے شکست دی تھی۔
آنند بازار پتریکا کی رپورٹ کے مطابق، گرفتار کانگریس امیدوار کو سنیچر کے روز ہلدیہ کی عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
سنیچر نامزدگی کا پرچہ داخل کرنے کا آخری دن ہے۔
کانگریس نے گرفتاری کے وقت پر سوال اٹھائے ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق، ممتا بنرجی کی جانب سے ملن پردھان کی حمایت کا اعلان کیے جانے کے کچھ ہی دیر بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
آنند بازار پتریکا نے ریاستی کانگریس صدر شبھنکر سرکار کے حوالے سے کہا،’بی جے پی ون پارٹی رول قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کیا اس ملک میں اپوزیشن کی سیاست کے لیے کوئی جگہ نہیں بچے گی؟‘

