پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے میچز پشاور میں بھی منعقد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر غور کے لیے منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی حکومت کے نمائندوں اور سینئر سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس سے متعلق معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان، مشیر خزانہ مزمل اسلم اور وزیر قانون آفتاب عالم نے بتایا کہ اجلاس میں صوبے کی معیشت اور امن و امان سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، جن میں پشاور میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ پشاور میں واقع عمران خان (ارباب نیاز) اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور فلڈ لائٹس کی تنصیب کا کام حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد پی ایس ایل کے ساتھ ساتھ مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کی میزبانی بھی ہے۔


