
(ویب ڈیسک)جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ کے قومی اہلیت کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کرلیا، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امیدوار نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے امتحان کے دونوں مراحل میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، تاہم اس کے غیر معمولی نتائج پر نقل کے الزامات سامنے آئے تھے، جن کی اس نے ابتدا میں تردید کی تھی۔
امیدوار نے پہلے مرحلے میں 400 میں سے 397.5 نمبر حاصل کیے تھے اور 160 سوالات میں سے صرف ایک کا جواب غلط دیا تھا، اس شاندار کارکردگی کے بعد شبہ ظاہر کیا گیا کہ اس نے اسمارٹ چشمے استعمال کرکے نقل کی ہے۔
سیول میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی کے مطابق اتوار کی صبح امیدوار کے وکیل کے ذریعے امتحان میں نقل کرنے کا تحریری اعتراف موصول ہوا، جس کے بعد کیس تفتیش کاروں کے سپرد کردیا گیا۔
مزید پڑھیں:ویمنز کرکٹ: نیدر لینڈز نے پاکستان کو ہرادیا
امیدوار نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں اپنے عمل پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے کی مدد سے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں اور انہیں اے آئی کو بھیج کر جوابات حاصل کیے، جنہیں بعد ازاں اپنے اسمارٹ فون پر دیکھ کر امتحان میں استعمال کیا۔
اس کا کہنا تھا کہ ملازمت چھوڑ کر کاروبار شروع کرنے کے بعد اسے مالی مشکلات کا سامنا تھا، وہ پیسہ کمانا چاہتا تھا اور اسے یہ بات بھی پریشان کرتی تھی کہ اچھی ملازمت چھوڑنے کے بعد وہ اپنے والدین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکا۔
امیدوار کے وکیل نے کہا کہ نقل کے طریقہ کار کی مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی جائیں گی، کیونکہ خدشہ ہے کہ دوسرے افراد بھی اس طریقے کو اپنا سکتے ہیں۔

