واشنگٹن: سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ غزہ میں شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے وعدے کرتے رہے، مگر ان پر عمل کا ان کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے جمعہ کو بائیڈن کی نئی یادداشتوں پر مبنی کتاب "پرامس می، امریکہ” کے اقتباسات شائع کیے۔ کتاب 17 نومبر کو شائع ہوگی۔ بائیڈن کے مطابق انہوں نے جنگ کے آغاز سے ہی اسرائیل پر زور دیا کہ شہریوں کے نقصان کو کم کرنے کے لیے احتیاط برتی جائے اور نتن یاہو سے نجی گفتگو میں بارہا یہ خدشات اٹھائے۔
بائیڈن کا کہنا ہے کہ نتن یاہو نے تسلیم کیا تھا کہ فلسطینی ہلاکتوں اور زخمیوں کی بڑھتی تعداد اسرائیل کی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ تاہم ان کے بقول اس کے بعد بھی رویے میں کوئی مستقل تبدیلی نہیں آئی۔ نتن یاہو مزید کوششوں کا وعدہ کرتے، پھر کوئی نیا فوجی آپریشن ہوتا جس میں عام شہری مارے جاتے۔
بائیڈن نے لکھا کہ اسرائیلیوں کے پاس ہمیشہ کوئی وضاحت ہوتی تھی مگر نتیجہ ایک ہی رہتا تھا۔ ان کے مطابق نتن یاہو ایسے وعدے کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے جنہیں پورا کرنے کی نہ صلاحیت تھی نہ نیت۔ بائیڈن نے مایوسی کا اظہار کیا کہ نتن یاہو نے ایک مدبر رہنما کی طرح سوچنے کے بجائے اپنی فوری سیاسی ضرورتوں کو ترجیح دی، حالانکہ وہ ان پر دباؤ سے آگاہ تھے۔
اس کے باوجود اقتباسات میں بائیڈن نے اسرائیل کی بنیادی حمایت پر سوال نہیں اٹھایا۔ انہوں نے اسے امریکی مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کا حصہ قرار دیتے ہوئے امداد کی فراہمی کا دفاع کیا۔

