پٹرول اور جیٹ فیول کی چھٹی، چین میں الیکٹرک طیارے کی کامیاب آزمائشی پرواز
مختصر فاصلے کے فضائی سفر کے لیے تیار کیے گئے اس طیارے میں بیک وقت 19 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے
چین نے الیکٹرک ہوابازی کے میدان میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملک میں تیار کردہ 19 مسافروں کی گنجائش رکھنے والے برقی مسافر طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق 10 ٹن وزنی طیارے ’سی ای 25 اے‘ (CE-25A) نے ہفتے کے روز صوبہ شان ڈونگ کے شہر بن ژو سے پرواز کی۔ یہ چین کا مقامی طور پر تیار کردہ اس کیٹیگری کا پہلا برقی کمرشل طیارہ ہے، جسے سرکاری کمپنی کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنا (کومیک) نے تیار کیا ہے۔
آزمائشی پرواز کے دوران طیارے میں دو پائلٹس اور ایک فلائٹ ٹیسٹ انجینئر موجود تھے۔ مجموعی طور پر 57 منٹ جاری رہنے والے ٹیسٹ میں طیارے نے 16 منٹ 38 سیکنڈ فضا میں گزارے اور 60.4 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔
کومیک کے مطابق طیارے نے دورانِ پرواز معمول کے مطابق کارکردگی دکھائی اور تمام آزمائشی نتائج توقعات کے مطابق رہے۔
مختصر فاصلے کے فضائی سفر کے لیے تیار کیے گئے اس طیارے میں بیک وقت 19 مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ اس کے پروں پر نصب خصوصی الیکٹرک ڈکٹڈ فین سسٹم اسے روایتی ایندھن کے بجائے برقی توانائی سے پرواز کرنے میں مدد دیتا ہے۔
اس منصوبے کی تیاری میں کومیک کے ساتھ چین کی معروف بیٹری ساز کمپنی سی اے ٹی ایل (CATL)، شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی اور دیگر مقامی ادارے بھی شریک ہیں۔
ماہرین کے نزدیک اس کامیاب آزمائشی پرواز سے مختصر فاصلے کے فضائی سفر میں الیکٹرک طیاروں کے استعمال کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، تاہم مسافر بردار سروس کے آغاز سے قبل اسے مزید تکنیکی آزمائشوں اور حفاظتی مراحل سے گزرنا ہوگا۔

