پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سات میچوں پر مشتمل سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز اتوار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے جا رہا ہے جسے تینوں ہی ٹیموں کی جانب سے ورلڈ کپ کی تیاری قرار دیا گیا ہے۔
سیریز کا پہلا میچ اتوار کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی سٹیڈیم میں دن ایک بجے کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ اپنا پہلا میچ 20 اکتوبر کو اسی میدان پر میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گا۔
ابتدائی تین میچوں کے بعد سیریز کے بقیہ میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ان میں 31 اکتوبر کا فائنل بھی شامل ہے، جس میں دو بہترین ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں۔ وہ اب تک 11 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی کپتانی کر چکے ہیں، جن میں سے سات میں ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
انگلینڈ کی قیادت ہیری بروک جبکہ سری لنکا کی کپتانی کوشل مینڈس کریں گے۔
پاکستان میں یہ چوتھی سہ ملکی ون ڈے سیریز ہوگی۔ اس سے پہلے پاکستان نے 1994 میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ، 2004 میں سری لنکا اور زمبابوے، جبکہ 2025 میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تھی۔
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان اب تک 160 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں پاکستان نے 96 میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ برابر رہا، جبکہ چار کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انگلینڈ کے خلاف پاکستان نے 92 ون ڈے میچ کھیلے اور 32 جیتے، جبکہ تین میچ بے نتیجہ رہے۔
پاکستان نے اپنی گذشتہ چار ون ڈے سیریز میں سے تین جیتی ہیں۔ اس نے جنوبی افریقہ کو دو ایک، سری لنکا کو تین صفر اور آسٹریلیا کو دو ایک سے شکست دی تھی۔ بنگلہ دیش کے خلاف اس کے ملک میں کھیلی گئی سیریز میں پاکستان کو دو ایک سے شکست ہوئی۔
انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا اور انڈیا کے خلاف مسلسل تین ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد اس سیریز میں حصہ لے رہی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز ایک صفر سے جیتی، تاہم انگلینڈ کے خلاف اسے شکست ہوئی۔
اس سیریز میں بابر اعظم، جو روٹ اور کوشل مینڈس کی بیٹنگ پر خاص نظر ہوگی۔ تینوں نے گذشتہ دس برسوں میں اپنی اپنی ٹیموں کے لیے بہت رنز بنائے ہیں۔
پاکستانی سکواڈ میں شامل رضا اللہ اور سعد بیگ نے اب تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔
پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنے ملک میں دو بہت اچھی ٹیموں کے خلاف ون ڈے کرکٹ کے مصروف سیزن کا آغاز کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
تینوں ٹیموں میں کئی باصلاحیت اور ماہر کھلاڑی موجود ہیں، اس لیے اس تین ملکی سیریز میں سخت مقابلے ہوں گے۔‘
انگلش کپتان ہیری بروک کے بقول: ’پاکستان کے شاندار شائقین کے سامنے دو بہت اچھی ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے بڑا چیلنج ہوگا، کیوں کہ یہاں کے حالات ان حالات سے مختلف ہیں جن کے ہم اپنے ملک میں عادی ہیں۔‘
سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس کہتے ہیں کہ ’ہماری ٹیم اس تین ملکی سیریز کی منتظر ہے اور دو اچھی ٹیموں کے خلاف کھیلنے پر خوش ہے۔
’ہم ہر سیریز اور ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کرنے اور اپنے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔‘

