غزہ کی صورتحال پر مصر، ترکی اور قطر کے خفیہ اداروں کا اجلاس


قاہرہ: مصر، ترکی اور قطر کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے قاہرہ میں سہ فریقی اجلاس منعقد کیا جس میں غزہ کی تازہ صورتحال اور وہاں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ حکام نے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل اور اس کی شقوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں حملے روکنے اور خراب موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے انسانی امداد بڑھانے پر زور دیا گیا۔
تینوں ممالک کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے اسرائیل کی مبینہ خلاف ورزیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ غزہ میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے بلا تاخیر ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ایجنسی "وفا” کے مطابق وسطی غزہ کے شہر دیر البلح کے مشرقی علاقے میں القسطل ٹاورز کے اطراف اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری سے تین فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک بچہ اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے، جن میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔ زخمیوں کو الاقصیٰ شہداء ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق غزہ شہر کے مشرقی علاقے بھی نشانہ بنے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ناصر اسپتال پر فضائی حملے میں حماس کے ایک کمانڈر اور ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔ فوج کے مطابق ہدف محمد ابو اسماعیل تھا جو حماس کی خان یونس بریگیڈ کے کمانڈروں میں شامل تھا اور جس پر اسرائیلیوں پر حملوں اور یرغمالیوں کو قید میں رکھنے کا الزام ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق حملے میں کم از کم 6 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 13 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے رات کے وقت ہونے والے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے شدید صدمے اور غصے کا اظہار کیا۔ تنظیم کے مطابق حملے میں 52 افراد زخمی ہوئے۔ تنظیم نے کہا کہ یہ ناقابل فہم ہے کہ مریض اور طبی عملہ ایک بار پھر اسپتال کے اندر ہلاک و زخمی ہوئے، جہاں جانیں بچائی جانی چاہئیں۔

متعلقہ پوسٹ