واشنگٹن: امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے طیاروں کی روانگی روکنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔ فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام کو متاثر کرنے والی ٹیلی مواصلات کی بڑی خرابی کے باعث یہ پابندی لگائی گئی تھی۔ ایف اے اے نے اپنی ویب سائٹ پر جاری نوٹس میں بتایا کہ کمانڈ سینٹر نے ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ کا حکم منسوخ کر دیا ہے۔
ایف اے اے نے جمعہ کو مشرقی امریکی وقت کے مطابق سہ پہر تقریباً 3:54 بجے ہنگامی حالات اور حفاظتی خدشات کے پیش نظر تمام امریکی ہوائی اڈوں سے پروازوں کی روانگی عارضی طور پر روک دی تھی۔ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا فیصلہ الگ الگ صورتحال دیکھ کر کیا جانا تھا۔ رات سوا آٹھ بجے (مشرقی امریکی وقت) یہ پابندی ختم کر دی گئی۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق پابندی ان مواصلاتی نظاموں میں خرابی کی وجہ سے لگائی گئی جو تمام علاقائی فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو متاثر کر رہی تھی۔ فلائٹ اویئر کے مطابق 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 10 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ فضائی شعبے کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی کمپنی سیریم کے اندازے کے مطابق 15 لاکھ سے زیادہ مسافر متاثر ہوئے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اس معاملے کا سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس سے قبل وزیر داخلی سلامتی مارک وین مولن نے کہا تھا کہ حکام کے خیال میں یہ خرابی کسی بدنیتی پر مبنی حملے کا نتیجہ نہیں تھی۔

