اسلام آباد (محمد سلیم سے ) — حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خصوصی انتظامی حیثیت دینے اور اسے ایک مثالی انتظامی یونٹ بنانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ مجوزہ انتظامی ماڈل کے تحت اسلام آباد کا انتظامی سربراہ میئر ہوگا، جبکہ منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 تک رکھنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈھانچے میں دارالحکومت کے بلدیاتی اور انتظامی امور کو جدید اور بااختیار نظام کے تحت چلانے کی کوشش کی جائے گی۔ مجوزہ انتظامی یونٹ کے 25 سے 30 ارکان براہِ راست عوام کے ووٹ سے منتخب ہوں گے، جبکہ میئر کا انتخاب انہی ارکان کی جانب سے کیا جائے گا۔
مجوزہ منصوبے کے تحت صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات سمیت دیگر شہری خدمات نئے انتظامی یونٹ کے دائرہ اختیار میں آ سکتے ہیں، تاہم نئے ڈھانچے کو وفاقی حکومت کے کنٹرول میں رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کی جغرافیائی حدود میں توسیع کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کے تحت خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور اور پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے کچھ علاقے، نیز ضلع مری کے حلقہ این اے 51 کے کچھ علاقے وفاقی دارالحکومت میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گوادر یا دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کا منصوبہ ترک کر دیا گیا ہے۔ تاہم حکومت نے ابھی نئے انتظامی ڈھانچے یا حدود میں تبدیلی پر حتمی فیصلہ سرکاری طور پر اعلان نہیں کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس منصوبے کے نفاذ کے لیے آئینی، قانونی اور انتظامی تبدیلیوں کی ضرورت ہوگی، جبکہ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مقامی حکومتی انتخابات نئے نظام کے تحت ہو سکتے ہیں۔

