نئے سال سے پہلے پاکستان میں بڑی سیاسی تبدیلیوں کا امکان، خواجہ آصف کا اہم انکشاف
ان کی ذاتی رائے میں نئے سال کے آغاز پر نیا نظام بھی سامنے آسکتا ہے
وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں آئندہ چند ہفتوں کے دوران اہم سیاسی پیش رفت کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور نئے انتظامی نظام پر سیاسی اتفاق رائے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں اور توقع ہے کہ نئے سال تک اس معاملے پر کوئی عملی شکل سامنے آجائے گی۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کی جارہی ہے اور حالیہ ہفتوں میں ہونے والی بات چیت حوصلہ افزا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی رائے میں نئے سال کے آغاز پر نیا نظام بھی سامنے آسکتا ہے، جبکہ 2026 کے اختتام سے قبل اس حوالے سے کوئی نہ کوئی پیش رفت متوقع ہے۔ سیاسی اتفاق رائے میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے اور آئندہ چند ہفتوں میں اختلافات اتفاق میں بدل سکتے ہیں۔
وزیر دفاع کے مطابق نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے چاروں صوبوں کی قیادت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، چاہے ان کی جماعتیں اس وقت پارلیمنٹ میں موجود ہوں یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام پاکستان کے لیے مثبت پیش رفت ہوگا اور اس سے کسی کے سیاسی مفادات کو خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اسٹیبلشمنٹ نے انہیں نئے صوبوں کے قیام پر بات چیت کرنے کے لیے کبھی نہیں کہا، جبکہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے کے لیے کون سا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور دیگر سیاسی رہنما بھی اس معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ان سیاسی تبدیلیوں کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے بھی قومی سیاست میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا موقع پیدا ہوسکتا ہے، بشرطیکہ وہ یا ان کی جماعت کسی ممکنہ سیاسی اتفاق رائے پر آمادہ ہوں۔
خواجہ آصف نے اس ممکنہ موقع کا موازنہ مسلم لیگ (ن) کو جنرل قمر جاوید باجوہ کی بطور آرمی چیف توسیع کے دوران ملنے والے سیاسی موقع سے بھی کیا۔

