بیرسٹر نسیم احمد باجوہ رہتے برطانیہ میں ہیں، اسے اپنا وطن بھی قرار دیتے ہیں لیکن ان کی پیچھے مڑ مڑ کر دیکھنے کی عادت نہیں گئی۔ اس پر مجھے آزادی سے پہلے کا زمانہ یاد آتا ہے۔ تنگ نظر مہا سبھائی ہندو مسلمانوں کے لیے کہا کرتے کہ یہ عجب لوگ ہیں جو رہتے ہندوستان میں ہیں لیکن تڑپتے مدینے کی خاطر ہیں۔ میں جب باجوہ صاحب کو دیکھتا ہوں اور ان کے کالم پر نگاہ پڑتی ہے تو مجھے یہی واقعہ یاد آتا ہے۔ یہ شخص رہتا برطانیہ میں ہے اور سوچتا پاکستان کے بارے میں ہے۔ اسی کے لیے غور و فکر کرتا ہے اور اسی کے لیے قلم اٹھاتا ہے۔ ان کی تازہ کتاب ‘ تاریخ کا سنگ میل’ دیکھ کر تو میرا یقین مزید پختہ ہو گیا ہے۔
ایک شخص جس نے اپنا آبائی وطن چھوڑا اور دیار غیر میں جا کر اپنی دنیا تعمیر کی اور دنیا بھی ایسی جس پر اپنے وطن کا گماں ہو۔ یہ کچھ ایسی ہی بات ہے جس کے لیے امیر مینائی نے کہا تھا ع
عزت اسے ملی جو وطن سے نکل گیا
وطن سے نکل کر نئی دنیا کی تعمیر و تسخیر ہمارے بزرگوں کی روایت رہی ہے لیکن یہ ہمارے بزرگ ہی تھے جو مدینہ جا کر بھی مکہ کو یاد کیا کرتے تھے۔ بس، یہی کچھ تو ہمارے باجوہ صاحب کر رہے ہیں اور بائیں بازو کا جھنڈا اٹھائے رکھنے کے باوجود کر رہے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ باجوہ صاحب پلٹ پلٹ کر پیچھے کیوں دیکھتے ہیں اور ان کی تمام تر فکر کا محور پاکستان کیوں ہے؟ یہ سوال میرے ذہن میں بھی تھا۔ باجوہ صاحب نے تاریخ کا سنگ میل کے پیش لفظ میں ایک بات لکھی ہے جس سے ان کی فکر مندی کا معمہ حل ہوتا ہے۔
باجوہ صاحب نے اس کتاب میں دو ضمیمے شامل کیے ہیں اور ستم ظریفی سے کام لیتے ہوئے انھیں کتاب کا آغاز بنا دیا ہے اور لکھا ہے کہ اگر آپ کا ذہنی توازن درست ہے تو ان کے مطالعے کے بعد آپ کی آنکھیں کھل جائیں گی بہ صورت دیگر نیند کے مارے سوتے ہی رہیں گے۔ یہ دو ضمیمے افغانستان اور ایران کے بارے میں ہیں۔ ایران کے بارے میں بھی اب ہم بہت کچھ جانتے ہیں لیکن زیادہ جاننے کی ضرورت افغانستان کے بارے میں ہے۔ علامہ اقبال نے ستارہ شناسی کے بارے میں کمال کی ایک بات کہی تھی ؎
ستارہ کیا مری تقدیر کی خبر دے گا
وہ خود فراخیِ افلاک میں ہے خوار و زبوں
کچھ ایسا ہی معاملہ افغانستان کا بھی ہے۔ یہ ممکن نہیں ہے کہ افغانستان میں بسنے والے اپنی ترقی اور خوش حالی کے خواب نہ دیکھتے ہوں۔ یقیناً وہ ایسے خواب دیکھتے ہوں گے لیکن عملًا اس ملک میں جو کچھ ہوتا ہے، اس کے نتائج ان آرزوں اور امنگوں کے بالکل برعکس نکلتے ہیں۔
پاکستان نے بھی ایک زمانے میں سوچا تھا کہ ہم ہوئے، تم ہوئے کہ میر ہوئے یعنی افغانستان اور ہم مل کر صرف اپنی نہیں پورے ایشیا کا مقدر سنوار دیں گے۔ یہ خواب دیکھتے ہوئے ہم اپنے پیر و مرشد اقبال کی پیشین گوئی کو بھول گئے۔ انھوں نے فرمایا تھا ؎
آسیا یک پیکرِ آب و گل است
ملتِ افغان در آن پیکر دل است
از فسادِ او فسادِ آسیا
از کشادِ او کشادِ آسیا
اقبال نے افغانستان کو ایشیا کا دل قرار دیتے ہوئے سمجھایا تھا کہ اگر اس دل کی دھڑکن درست نہیں ہے تو سمجھو پورا ایشیا بے قرار ہے۔ اس دل کی پریشانی دور کرنے میں نصف صدی گزر گئی لیکن اسے سکون ملنا تھا اور نہ ملا بلکہ اس کی گراں باری نے خود ہمیں بھی دکھی کیا۔ صرف دکھی نہیں کیا بلکہ ہمارے سماج کی چولیں ہلا کر رکھ دیں۔ ایسا کیوں ہوا۔ اس کی وجوہات سے سید جمال الدین افغانی کے علاوہ بہت سے مشرقی و مغربی مورخین نے پردہ اٹھایا ہے لیکن عرصہ ہوا یہ لوگ اور ان کی کتابیں وقت کی گرد تلے دب کر رہ گئیں۔ نتیجہ یہ نکلا کہ نسیم حجازی کے ناولوں سے جنگی و سیاسی حکمت سیکھنے والوں نے بے رحم حقائق ارضی سے ناتا توڑ کر زمین آسمان کے قلابے ملانے شروع کر دیے اور اس دیس کی باگ ڈور سنبھالنے والوں کے اس مزاج پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے وہ خود بھی خوار و زبوں ہوئے، اپنے ملک کو بھی تباہ کیا اور اپنے پڑوسیوں کو بھی۔
کاش، باجوہ صاحب نے یہ ضمیمے نصف صدی قبل لکھے ہوتے۔ اس طرح ہمارے دانش مندوں کی سمجھ میں بہت سارے حقائق آ جاتے۔ ان کی سمجھ میں آ جاتا کہ خرابی کی بنیاد وہ انداز فکر ہے جس کے تحت صدیوں سے ان کے اکثر حکمران اور قائدین ایک ہی کام کرتے چلے آ رہے ہیں یعنی زبان کا کام تلوار سے لینا اور حب الوطنی کو حب ذات میں بدل دینا۔ یہ دو ‘خوبیاں’ ہی کسی سماج کو زیر و زبر کر دینے کے لیے کافی ہیں لیکن ان کی ایک خوبی اور بھی ہے جسے خواجہ الطاف حسین حالی نے ان الفاظ میں یاد کیا ہے ؎
وہ امید کیا جس کی ہو انتہا
وہ وعدہ نہیں جو وفا ہو گیا
بیرسٹر صاحب نے اس ضمیمے کے ذریعے ہمیں یہ سمجھانے کی کوشش کی ہے کہ مرض اور اس کا علاج کچھ اور تھا لیکن تم نے خواب کچھ اور دیکھے۔ اب بھی وقت ہے آنکھیں کھولو اور پڑوس کے فساد کو سکون میں بدلنے کے لیے کوئی اور راستہ اختیار کرو۔ بیرسٹر صاحب نے جس بات کو علامت کے پردے میں مستور رکھا، اسے میں نے کھل کر بیان کرنے کی کوشش ہے۔ اس وفور میں اس کتاب کی جو فی الاصل انسائیکلوپیڈیا ہے، دیگر خوبیوں سے توجہ ہٹ گئی۔
انسائیکلوپیڈیا کی شکل ہوتی تو کتاب جیسی ہی ہے لیکن اسے علما و ماہرین کی پوری ایک جماعت تیار کرتی ہے۔ اس کے تراجم کا طریقہ بھی یہی ہے۔ حیرت ہوتی ہے کہ بیرسٹر صاحب نے اتنا بڑا کام تن تنہا کر ڈالا ہے۔ ہم اس پر ان کے شکر گزار تو ہیں لیکن اس میں ایک خرابی بھی ہے۔ خرابی یہ ہے کہ روزگار کی خاطر ہم نے اپنی اولادوں کو اپنی زبان سے دور کر دیا ہے۔ اب ہمارے بچے مشکل سے ہی اردو پڑھ پاتے ہیں لیکن کوئی بات نہیں ایک روز تو ہمارے بچے اپنی زبان کی طرف پلٹیں گے اور علم کے اس نادر ذخیرے سے فیض یاب ہوں گے، ان شااللہ۔

