سابق وزیراعظم عمران خان نے پیر کو اپنی صحت کی مبینہ طور پر تیزی سے بگڑتی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات انہیں ایسی جگہ لے جا رہے ہیں ’جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آ سکوں۔‘
تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ عدالتوں سے کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہے بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور اپنے اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے مناسب طبی علاج کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل سے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی)، سپریم کورٹ (ایس سی) اور اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے چیف جسٹس صاحبان کے نام جاری کھلے خط میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ طویل تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور 10 نومبر کو 192 اور 193 تک ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں دماغ میں خون رسنے اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے جبکہ ان کے دل کو بھی نقصان پہنچ چکا ہے۔
خط کے مطابق عمران خان نے کہا، ’میری عمر 74 برس ہے اور یہ مسلسل بگڑتی ہوئی صورت حال مجھے ایسی جگہ لے جا رہی ہے جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آ سکوں۔‘
سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ 20 دسمبر 2025 کو توشہ خانہ مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد انہیں مکمل طور پر تنہا کر دیا گیا اور روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جانے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خاندان، وکلا اور بیٹوں سے رابطے سمیت کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی سے بھی محروم رکھا گیا۔
تاہم حکومت کا موقف رہا ہے کہ عمران خان کو قید میں جو قانونی سہولتیں ملنی چاہیے وہ دی جا رہی ہیں۔
عمران خان کے مطابق 10 فروری 2026 کو کئی ماہ بعد وکیل سے ملاقات کے وقت ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی تھی، مگر ان کے خاندان اور قانونی ٹیم کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جیل کے میڈیکل بورڈ نے بھی ان کی ذہنی صحت پر تنہائی کے منفی اثرات اور بے چینی کی کیفیت ریکارڈ کرتے ہوئے اہل خانہ سے زیادہ باقاعدہ ملاقاتوں، مطالعے کے مواد اور ٹیلی ویژن کی سہولت کی سفارش کی، تاہم اس پر عمل نہیں ہوا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خط میں عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق اپریل 2026 میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کے ریٹینا کی جھلی الگ ہونے کے بعد ان کی پیچیدہ سرجری ہوئی تھی، جبکہ اب مزید علاج نہ ہونے کی صورت میں ان کی بینائی مستقل طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تحریک انصاف کے بانی نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی پریشانی اپنی صحت سے زیادہ اہلیہ کی بگڑتی ہوئی بینائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ فراہم نہیں کیے جا رہے اور نہ ہی ان کے ڈاکٹروں کو مناسب رسائی دی جا رہی ہے۔
عمران خان کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 18 اگست 2026 کو جیل کی رپورٹ کی بنیاد پر انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ماہرین قلب اور امراض چشم سمیت میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کا حکم دیا تھا۔ ان کے بقول عدالت نے خاندان کے ساتھ ہفتہ وار ملاقات اور بیٹوں سے ہفتے میں دو بار بات کرنے کی اجازت دینے کی بھی ہدایت کی تھی، لیکن ان احکامات پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ان کی صحت، اہلیہ کی بینائی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے معاملات زیر التوا ہیں جبکہ دوسری جانب القادر مقدمے کی اپیل کو پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بیماری کو قانونی ریلیف حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا اور اپنے خلاف مقدمات کا عدالتوں میں مقابلہ کیا ہے۔
’میں آپ کی عدالتوں سے کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہا۔ میری واحد درخواست یہ ہے کہ معزز سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے اور ہماری طبی حالت کے مطابق مناسب علاج فراہم کیا جائے۔‘
انہوں نے خط کے اختتام پر کہا، ’اگر میں زندہ رہا تو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے قابل رہوں گا۔ میں آپ کی عدالتوں سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپیل کرتا ہوں کہ بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔‘
تحریک انصاف کے رہنما ذوالفقار بخاری کا اس خط کے بارے میں کہنا تھا کہ ’کسی بھی قیدی کو یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ ضروری طبی علاج ملنے تک بہت دیر ہو جائے گی۔ ان خدشات پر اب عملی اقدام کی ضرورت ہے، مزید یقین دہانیوں کی نہیں۔‘
خط میں بتائے گئے طبی، عدالتی اور جیل سے متعلق دعووں پر جیل انتظامیہ یا متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔

