مری: برفباری سیزن 2026-27 کے لیے مری پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے درمیان مشترکہ منصوبہ بندی

IMG 20261116 WA2533


مری،— آئندہ برفباری سیزن 2026-27 کے دوران سیاحوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور ہنگامی مدد کو یقینی بنانے کے لیے مری پولیس اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے درمیان اہم رابطہ اجلاس ہوا۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا نے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد ایس ایس پی کائنات اظہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں برفباری، تعطیلات اور سیاحتی رش کے دوران مشترکہ ٹریفک مینجمنٹ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بھارہ کہو، پھلگراں اور مری ایکسپریس وے سمیت اہم داخلی راستوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور رش کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر رابطہ کاری پر اتفاق ہوا۔ مری میں گاڑیوں کی محفوظ گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت پڑنے پر سیاحتی گاڑیوں کے داخلے کو بروقت منظم اور محدود کرنے کی مشترکہ حکمتِ عملی طے کی گئی۔
شدید برفباری اور خراب موسمی حالات میں اہم مقامات پر مشترکہ ناکہ بندی، ٹریفک ڈائیورژن اور گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ موسم، برفباری، سڑکوں کی صورتحال، حدِ نگاہ اور ٹریفک پابندیوں کے حوالے سے بروقت معلومات کے تبادلے اور مشترکہ ٹریول ایڈوائزریز جاری کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
ایمبولینسز، ریسکیو گاڑیوں، برف ہٹانے والی مشینری اور دیگر ہنگامی خدمات کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کے لیے مشترکہ انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اضلاع کے ٹریفک کنٹرول رومز اور آپریشنل افسران کے درمیان براہِ راست رابطہ اور ریئل ٹائم معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے کہا کہ سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور برفباری کے دوران ٹریفک کو مری پہنچنے کے بعد نہیں بلکہ داخلی راستوں سے ہی مؤثر انداز میں منظم کرنا ضروری ہے۔ ایس ایس پی کائنات اظہر نے کہا کہ اسلام آباد اور مری پولیس کے درمیان مسلسل رابطہ، پیشگی منصوبہ بندی اور مشترکہ اقدامات سیاحوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ برفباری کے دوران سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں، پولیس کی سفری ہدایات پر عمل کریں اور ٹریفک انتظامات میں تعاون کریں۔

متعلقہ پوسٹ