ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر؛ وزیراعظم کا اضافی سود ادا کرنے پر برہمی کا اظہار

1794838486 وزیراعظم 4.webp


ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر؛ وزیراعظم کا اضافی سود ادا کرنے پر برہمی کا اظہار

‘گزشتہ 10 سال میں پاکستان غیر ملکی فنڈنگ سے کوئی ایک منصوبہ بھی بروقت مکمل نہ کرسکا’

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے اضافی سود ادا کرنے پر برہمی کا اظہار کردیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق گزشتہ 10 سال میں پاکستان غیر ملکی فنڈنگ سے کوئی ایک منصوبہ بھی بروقت مکمل نہ کرسکا، پاکستان گزشتہ 10 سال سے غیر ملکی فنڈنگ کے ترقیاتی منصوبوں پر 0.25 فیصد اضافی چارجز ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجوہات کے خاتمے کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دیے، ورکنگ گروپس میں وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر قانون اعظم تارڑ نے بھی معاونت کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی بڑی وجہ زمین کے حصول میں قانونی پیچیدگیاں ہیں، منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر مالیاتی ادارے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو منصوبوں کی تاخیر سے تکمیل پر رپورٹ پیش کی گئی، غیر ملکی مالیاتی ادارے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی بار بار تبدیلی پر بھی مطمئن نہیں ہیں جبکہ چند پراجیکٹس میں ایک ایک منصوبے پر ایک سال میں چار بار ڈائریکٹرز تبدیل ہوتے رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک بھی ان کی مشاورت کے بغیر ڈائریکٹر کی تبدیلی پر پریشان ہیں، فارن فنڈنگ کے پراجیکٹس میں بھرتیاں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں تاہم ان پراجیکٹس میں انفرااسٹرکچر میں سب سے زیادہ تاخیر ہوتی ہے۔

حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف تاخیر کی وجہ سے اضافی 0.25 فیصد اضافی چارجز ختم کرانے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے اضافی چارجز ختم کرنے کے لیے وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دی ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ