راولپنڈی —رپورٹ محمد سلیم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں ادویات کی خریداری، اسٹاک مینجمنٹ، عملے کی حاضری اور مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں روزانہ 5 سے 7 لاکھ روپے کی ادویات لوکل پرچیز کے ذریعے خریدی جا رہی ہیں، جبکہ صرف چار ماہ میں کوٹیشن کے ذریعے 10 کروڑ روپے کی خریداری کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہسپتال میں تقریباً 110 اقسام کی ادویات اور 80 سے 90 اقسام کے سرجیکل سامان کی قلت ہے۔ ایمرجنسی فارمیسی میں ریکارڈ اور دستیاب اسٹاک میں فرق پایا گیا، جبکہ گائنی وارڈ میں ضروری ادویات اور طبی سامان کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو بازار سے ادویات خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
انسپکشن ٹیم نے یہ بھی نشاندہی کی کہ الٹراساؤنڈ کے لیے ڈیڑھ سے دو ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے، ہسٹولوجی ماہر کی عدم موجودگی سے بائیوپسی رپورٹس میں تاخیر ہو رہی ہے، اور بستروں کی کمی کے باعث ایمرجنسی مریض راہداریوں میں پڑے رہتے ہیں۔ صفائی اور سکیورٹی کے ٹھیکوں میں بھی مبینہ بے ضابطگیاں سامنے آئیں؛ 214 اہلکاروں کے بجائے صرف 40 سے 50 فیصد صفائی عملہ اور 100 کے بجائے صرف 20 سکیورٹی اہلکار موجود پائے گئے۔

