پاکستان اور ترکمانستان کے حکام منگل کو ایک طویل عرصے سے تاخیر کے شکار علاقائی گیس پائپ لائن منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکمانستان میں مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔
مجوزہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، انڈیا (TAPI) گیس پائپ لائن ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان اور انڈیا تک گیس پہنچائے گی۔ اس منصوبے کے تحت ہر سال 33 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔
یہ پائپ لائن دنیا کے دوسرے بڑے گیس فیلڈ گالکنیش سے شروع ہو کر پاکستان کی سرحد کے قریب انڈین شہر تک تقریباً 1,800 کلومیٹر (1,125 میل) طویل راستے پر تعمیر کی جائے گی۔
تاہم، 10 ارب ڈالر مالیت کے اس گیس پائپ لائن منصوبے پر کام قیمتوں پر نظرثانی اور گیس کی ترسیل کے مقامات سے متعلق اختلافات کے علاوہ افغانستان میں امن و امان کی غیر یقینی صورت حال کے باعث کئی سال سے تعطل کا شکار ہے۔
پاکستان اور ترکمانستان کے بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس منگل کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوف کریں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی دفتر خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان علاقائی روابط اور توانائی کے اہم منصوبوں پر پیش رفت بھی زیرِ بحث آنے کی توقع ہے، جن میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، انڈیا (TAPI) گیس پائپ لائن اور مجوزہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان (TAP) بجلی کی ترسیل کا منصوبہ شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق، راشد میردوف اعلیٰ سطح کے ترکمان وفد کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے، جس میں اعلیٰ سرکاری حکام اور ترکمانستان کے مختلف اداروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ کمیشن دوطرفہ اقتصادی تعاون کا جائزہ لے گا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ اور علاقائی روابط، صنعت، سیاحت، ثقافت، اعلیٰ تعلیم، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت، بینکاری اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’آئندہ اجلاس دوطرفہ اقتصادی روابط کو نئی تقویت دینے اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔‘
پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ گیس پائپ لائن منصوبہ اس کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ ملک کو اپنی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور درآمدی گیس کی اکثر قلت پیدا ہو جاتی ہے۔
پاکستان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی روابط بڑھانے کی کوششیں بھی تیز کر دی ہیں اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے لیے انہیں اپنی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

