ایکسپریس نیوز کی خبر پر ایکشن، ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹرک سے روندنے والا ڈرائیور گرفتار

policearresttruckdriver1794942311 0


ڈیفنس میں ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹرک سے ٹکر مارنے اور اہلکاروں کو کچلنے کی کوشش کرنے والے ڈرائیور کے خلاف ایکسپریس نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا اور ٹرک ڈرائیور کرامت کو گرفتار کرلیا۔

واقعے میں ملوث ٹرک کو بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ گرفتار ڈرائیور کا اعترافی بیان بھی سامنے آگیا ہے۔

ہفتے کی شب ڈیفنس موڑ کے قریب ٹرک ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کی جانب سے روکنے کی کوشش پر گاڑی روکنے کے بجائے ٹرک بھگا دیا اور ٹریفک پولیس کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور ایکسپریس نیوز کی جانب سے معاملہ اجاگر کیے جانے کے بعد ٹریفک پولیس حکام نے نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی۔

گرفتار ٹرک ڈرائیور کرامت نے اپنے بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈیفنس موڑ پر ایک موٹر سائیکل سوار نے ٹرک کے آگے اچانک بریک لگائی، جس کے باعث وہ سلپ ہوگیا۔

ڈرائیور کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی تو وہ خوف کے باعث ٹرک بھگا کر لے گیا۔ڈرائیور کرامت نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے سندھ پولیس سے معافی بھی مانگی۔

پولیس نے ملزم کے خلاف ڈیفنس تھانے میں کار سرکار میں مداخلت، تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ