دوحہ (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جرات مندانہ اور بصیرت افروز قیادت نے مسلم امہ کو اس نازک موقع پر متحد کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ وہ دوحہ میں ہنگامی عرب–اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کر رہے تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے قطر پر حالیہ جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوحہ میں ہنگامی عرب–اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پوری مسلم دنیا اسرائیل کی غیر قانونی اور خطرناک جارحیت کے خلاف یک زبان ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، جہاں وہ اس وقت غیر مستقل رکن ہے، اور او آئی سی سمیت تمام عالمی اور علاقائی فورمز پر سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ ہر کڑے وقت میں غیر متزلزل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اخوت اور باہمی اعتماد کی لازوال مثال ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور پاکستان کے فعال سفارتی کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وہ وزیراعظم کے آئندہ دورۂ ریاض کے منتظر ہیں، جو دونوں ممالک کو باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر جامع تبادلہ خیال کا موقع فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک خواہشات اور گہرے احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔