وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر سے ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

IMG 20250916 WA0516 scaled



دوحہ (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دوحہ میں ہنگامی عرب–اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر امیرِ قطر، شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے 9 ستمبر کو دوحہ کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور کئی افراد زخمی ہوئے۔ انہوں نے اس حملے کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین پامالی قرار دیا۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے برادرانہ تعلقات تاریخی اور دیرینہ ہیں، جو آنے والے دنوں میں مزید مستحکم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے اور اس حوالے سے مسلم امہ کے اتحاد کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ وزیراعظم نے قطر کی جانب سے ہنگامی عرب–اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کے فیصلے کو بروقت اور اہم اقدام قرار دیا۔
وزیراعظم نے یہ بھی یاد دلایا کہ قطر کی درخواست پر پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم کے اجلاس میں شرکت اور حالیہ دورۂ دوحہ کے ذریعے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال کے پیشِ نظر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا

متعلقہ پوسٹ