اسلام آباد:(فائزہ یونس نمائندہ خصوصی ) حکومت نے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) پالیسی متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد ملک میں ایک جدید اور اختراعی اے آئی ایکو سسٹم تشکیل دینا ہے تاکہ معاشی و ٹیکنالوجی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
پالیسی کے تحت نہ صرف صنعت کو مضبوط بنانے اور پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے بلکہ سماجی و معاشی چیلنجز کے حل کو بھی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق اس پالیسی کے ذریعے تحقیق و ترقی، جدت پر مبنی کاروباروں کی حوصلہ افزائی، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع اور سرکاری اداروں کی استعداد کار میں اضافہ متوقع ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی کے استعمال سے صحت، تعلیم، زراعت اور انتظامی شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی جا سکیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پالیسی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا گیا تو پاکستان خطے میں ڈیجیٹل اکانومی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
