پشاور — خیبر پختونخوا پولیس نے صوبے میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز اور دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی کی خریداری کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تین ہزار چھوٹے اور تین ہزار دو سو پچاس بڑے ہتھیاروں کو جدید بنانے کے لیے ریل سسٹمز کی خریداری کی منظوری دی گئی ہے، جس سے اسلحے کی درستگی اور آپریشنل مؤثریت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
خریداری منصوبے کے تحت پولیس کو سنائپر رائفلز، نگرانی اور آپریشنز کے لیے ڈرونز، تھرمل کیمرے اور بکتر بند گاڑیاں بھی فراہم کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق یہ جدید آلات دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، سرحدی علاقوں میں نگرانی اور حساس مقامات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید اسلحہ اور ٹیکنالوجی کی شمولیت سے نہ صرف اہلکاروں کی حفاظت بہتر ہوگی بلکہ فوری ردِعمل اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کی صلاحیت بھی مضبوط ہوگی۔ منصوبے پر عملدرآمد آئندہ مراحل میں کیا جائے گا، جس کے لیے بجٹ اور تکنیکی تقاضوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

