جرمنی کے بڑے بینک ڈوئچے بینک کی 15 ملین سے زائد خفیہ دستاویزات افشا ہوگئیں جن میں روسی ارب پتیوں، جنسی جرائم میں سزا یافتہ جیفری ایپسٹین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق مالی معاملات کے اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق دو باخبر اور مستند ذرائع نے بینک کی اندرونی ای میلز، بورڈ اجلاسوں کی کارروائی، مالیاتی تحقیقات، نگرانی کی دستاویزات اور ملازمین کی گفتگو پر مشتمل ریکارڈ صحافیوں کو فراہم کیا۔
دنیا بھر کے 50 سے زائد ذرائع ابلاغ کے 200 سے زیادہ صحافیوں نے کئی ماہ تک ان دستاویزات کا جائزہ لیا۔ جس سے معلوم ہوا کہ بینک کے سربراہ کرسچن سیونگ کی قیادت میں بعض مواقع پر قواعد کی پابندی سے متعلق خدشات کے باوجود روس میں کاروبار بڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق بینک نے بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے منسلک تقریباً 60 کروڑ ڈالر کی مشتبہ ادائیگیوں پر کارروائی کی۔ یہ رقم بذاتِ خود کسی جرم کا ثبوت نہیں، تاہم اس نے بینک کے مالی نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھائے ہیں۔
تحقیق میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ 2017 میں بینک کے ایک ملازم سے غلطی کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ سمیت 1586 صارفین کی مالی معلومات پر مشتمل لنک ایک بیرونی شخص تک پہنچ گیا تھا۔ بینک کی انتظامیہ نے اس معاملے کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور وائٹ ہاؤس کو مطلع نہیں کیا۔
ان انکشافات کے بعد ڈوئچے بینک کے حصص کاروبار کے دوران تقریباً 6 فیصد تک گر گئے۔ بینک کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے معاملات کئی برس پرانے ہیں اور 2019 سے 2025 کے دوران نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے پر 7 ارب یورو خرچ کیے گئے۔

