تل ابیب: یشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزن کوٹ کو اسرائیل کا اگلا وزیر اعظم بننے کے لیے کنیسٹ کے اکثریتی اراکین کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق صدر ہرزوگ نے پارٹی لیڈروں سے ملاقاتوں کے بعد بتایا کہ ۶۷؍ اراکین پر مشتمل دھڑوں نے آئزن کوٹ کی سفارش کی، جبکہ ۴۶؍ اراکین پر مشتمل دھڑوں نے وزیر اعظم نیتن یاہو کا نام تجویز کیا۔
صدر ہرزوگ نے کہا کہ وہ اتوار کو حکومت سازی کا مینڈیٹ دینے سے پہلے صورتحال واضح کرنے کے لیے پارٹی لیڈروں سے مزید بات چیت کریں گے۔ ان کے مطابق فیصلے میں صرف سفارشات کی تعداد فیصلہ کن نہیں ہوگی، بلکہ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ کون سا لیڈر عملاً حکومت بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتوں اور اتحادوں کے ایک دوسرے کو مسترد کرنے کے رویے کے باعث حکومت سازی کی حقیقی صورتحال پوری طرح واضح نہیں۔
یشار پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم نیتن یاہو اور ان کی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی نے تمام شہریوں کے لیے کام کرنے والی قومی ہنگامی حکومت فوری طور پر قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
نیتن یاہو کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں، کیونکہ ان کی اتحادی مذہبی جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کسی بھی امیدوار کی حمایت سے انکار کر دیا۔ ۷؍ نشستوں والی اس جماعت کے دونوں گروپوں نے صدر سے مشاورت کے دوران کسی کی سفارش نہیں کی۔
اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں عرب اکثریتی دو سیاسی اتحادوں نے مجموعی طور پر ۱۹؍ نشستیں جیتی ہیں، جو غیر معمولی کامیابی ہے۔ اس کے باعث وہ نئی حکومت کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ دونوں اتحادوں نے جمعرات کو آئزن کوٹ کی حمایت کا اعلان کیا۔

