امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عہدہ چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی

marco rubio d


واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹرمپ انتظامیہ چھوڑنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ہمیشہ سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی مدتِ صدارت کے اختتام تک کام کرنے کا منصوبہ رہا ہے۔ نیویارک ٹائمز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایسی خبریں کہاں سے سامنے آ رہی ہیں۔
اپنے سیاسی مستقبل سے متعلق سوالات کا جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ وہ ۲۰۲۸ء کے انتخابات کے بارے میں مزید بات نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ بلومبرگ نیوز نے جمعرات کو دعویٰ کیا تھا کہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد روبیو انتظامیہ سے علاحدگی پر غور کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے وہائٹ ہاؤس حکام سے عہدہ چھوڑنے پر بات بھی کی، تاہم ان سے عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روبیو وزیر خارجہ کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیر کی ذمے داریاں بھی نبھا رہے ہیں اور انہیں ۲۰۲۸ء کے صدارتی انتخابات کے ممکنہ ریپبلکن امیدواروں میں شمار کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب محکمۂ خارجہ کے معاون وزیر ڈیلن جانسن نے بلومبرگ کی رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے برطانوی اخبار ‘دی انڈیپنڈنٹ’ کی اس خبر کو بھی بے بنیاد کہا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روبیو ۲۰۲۸ء میں ریپبلکن نامزدگی کے لیے مہم شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ