امریکہ کے ۹؍ بڑے ایریناز نے فلسطین ٹور کے فنڈ ریزنگ شوز کی میزبانی سے انکار کر دیا: میکلمور

marco rubio d 1


نیویارک: امریکی ریپر میکلمور نے انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کے ۹؍ بڑے ایریناز نے فلسطین کی حمایت میں کنسرٹس کے انعقاد کے ان کے منصوبوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ان مقامات کی انتظامیہ پر الزام لگایا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ یہ کنسرٹس ان کے ‘فری فلسطین’ امدادی ٹور کا حصہ ہیں تو انہوں نے تقاریب روک دیں۔
جمعہ کو انسٹاگرام پر ایک تفصیلی بیان میں گریمی ایوارڈ یافتہ فنکار نے کہا کہ وہ ڈبلن، پیرس اور لندن میں کامیاب شوز کے بعد اس ٹور کو امریکہ لانا چاہتے تھے۔ انہوں نے لکھا کہ ہفتوں رابطے کے بعد امریکہ کے ۹؍ بڑے ایریناز نے انکار کر دیا۔ جن مقامات کے نام انہوں نے لیے ان میں میڈیسن اسکوائر گارڈن، پروڈینشل سینٹر، بارکلیز سینٹر، یو بی ایس ایرینا، انٹیوٹ ڈوم، کیا فورم، کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا، چیس سینٹر اور کلائمیٹ پلیج ایرینا شامل ہیں۔
میکلمور کے مطابق ستمبر کے وسط تک ان کی ٹیم کو سال کے اختتام تک ان مقامات پر دستیاب تاریخوں کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن جیسے ہی منتظمین کو معلوم ہوا کہ آمدنی فلسطینی عوام کے لیے وقف ہوگی، تمام پیشکشیں غائب ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں کنسرٹ ٹورز کرتے ہوئے انہیں کبھی ایسی صورتحال کا سامنا نہیں ہوا۔ انہوں نے تفریحی صنعت کی بااثر شخصیات پر فلسطینیوں کی حمایت کرنے والے فنکاروں کو خاموش کرانے کی کوشش کا الزام لگایا اور کہا کہ تجارتی مفادات کو اظہارِ رائے کی آزادی پر ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دولت مند افراد کو یہ فیصلہ کرنے کا حق کیوں ہو کہ فنکار کن مقاصد کی حمایت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے فلسطین کے حامیوں کی آوازوں کو ڈرانے دھمکانے کی بھی مذمت کی۔
میکلمور نے ٹور کے یورپی مرحلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مکمل طور پر بک تین شوز میں دسیوں ہزار افراد اور فلسطینی حقوق کی حمایت کرنے والے ۴۰ سے زائد فنکاروں اور مقررین نے شرکت کی۔ انہوں نے امدادی کنسرٹس کا سلسلہ جاری رکھنے کا وعدہ کیا، جو ممکنہ طور پر امریکہ سے باہر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فنڈز جمع کرنے اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عزم برقرار ہے اور وہ اپنے اسٹیج خود بنائیں گے۔

متعلقہ پوسٹ