دبئی ایئرپورٹ پر پاکستانیوں کا راج، مسافروں کی تعداد میں امریکا اور جرمنی کو پیچھے چھوڑ دیا
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 4 لاکھ مسافروں نے سفر کیا
پاکستان نے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مصروف ترین بین الاقوامی مسافر روٹس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرلی، پاکستانی مسافروں کی تعداد امریکا اور جرمنی سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
دبئی ایئرپورٹس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2026 کے دوران پاکستان اور دبئی کے درمیان 8 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جس کے بعد پاکستان دبئی ایئرپورٹ کی بڑی بین الاقوامی مسافر مارکیٹس میں چوتھے نمبر پر آگیا۔
فہرست میں بھارت 26 لاکھ مسافروں کے ساتھ پہلے، سعودی عرب 14 لاکھ کے ساتھ دوسرے جبکہ برطانیہ 13 لاکھ مسافروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رواں سال کے ابتدائی 9 ماہ میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 4 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جبکہ صرف تیسری سہ ماہی میں مسافروں کی تعداد ایک کروڑ 88 لاکھ رہی۔ اگست 2026 میں 66 لاکھ مسافروں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی، جو سال کا مصروف ترین مہینہ تھا۔
دبئی ایئرپورٹس کو توقع ہے کہ 2026 کے اختتام تک سالانہ مسافروں کی تعداد 7 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ ایئرپورٹ دنیا کے 101 ممالک کے 235 مقامات سے 57 فضائی کمپنیوں کے ذریعے منسلک ہے۔

