اسلام آباد میں کتے، گدھے، کچھوے، گیڈر اور پینگولین کے گوشت کی مبینہ فروخت کا انکشاف

images 14 11


اسلام آباد:رپورٹ محمد سلیم سے  اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ڈی 14 میں مبینہ طور پر حرام اور غیر قانونی گوشت کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور فروخت کا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 800 کلوگرام مبینہ حرام گوشت برآمد ہوا، جبکہ متعدد زندہ اور مردہ جانور بھی بازیاب کیے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق 16 نومبر کو رات 9 بج کر 30 منٹ پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سیکٹر ڈی 14 میں واقع ایک مکان کا معائنہ کیا، جہاں گوشت کی غیر قانونی تیاری اور ذخیرہ کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا، پانچ زندہ کتے، 17 کچھوے، ایک گیڈر اور پینگولین برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق مکان میں موجود افراد گوشت کی پروسیسنگ اور ذخیرہ اندوزی کے لیے کوئی قانونی اجازت نامہ یا متعلقہ دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ وہاں حفظان صحت کے اصولوں اور متعلقہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے تحت گوشت تیار اور ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔
برآمد شدہ مبینہ حرام گوشت کو حفاظتی ضابطوں کے تحت موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ زندہ جانوروں کو دیکھ بھال اور تحفظ کے لیے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیا گیا۔
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کے وٹرنری اسپیشلسٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر 17 نومبر کو تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ کیس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری فوڈ سیفٹی ایکٹ 2021 کی دفعات 11، 12، 13 اور 14 شامل کی گئی ہیں، جبکہ متعلقہ افراد اور ممکنہ سپلائی نیٹ ورک کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ پوسٹ