اسلام آباد — پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ خرابی پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہوئی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو سروس کے معیار میں کمی اور رابطے میں خلل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق، خرابی کی وجہ معلوم کرنے اور مرمت کے متوقع وقت کا تعین کرنے کے لیے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (ٹی ڈبلیو اے) کیبل کنسورشیم سے رابطے جاری ہیں۔ اتھارٹی نے کہا کہ صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل انٹرنیشنل لنکس پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے بقول، پی ٹی اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے تاکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جلد از جلد معمول پر لائی جا سکے۔ خرابی کے دوران صارفین کو سست رفتار، بفرنگ اور وقتی طور پر رابطے میں خلل کا تجربہ ہو سکتا ہے۔

