کراچی:
بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کے عالمی مالیاتی فنڈ پروگرام کے تحت رہنے کواطمینان بخش قراردیتے ہیں اور اسے معاشی استحکام، مالیاتی نظم وضبط اور پالیسیوں میں تسلسل کااہم ذریعہ سمجھتے ہیں۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈکے ماہرین نے کراچی میں میڈیا راؤنڈٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے ماضی کے بار بار آنے والے معاشی اتار چڑھاؤکو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کومعاشی نظم وضبط برقراررکھنے کیلیے اہم سہاراتصورکرتے ہیں۔
اسٹینڈرڈچارٹرڈکے ماہرِمعاشیات (مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ) طلحہ ندیم نے کہاکہ حال ہی میں پاکستان کادورہ کرنیوالے بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے ملک میں معاشی حالات کاجائزہ لیا اور آئی ایم ایف پروگرام جاری رہنے پر اطمینان کااظہار کیا۔
اسٹینڈرڈچارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو عادل صلاح الدین نے کہاکہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کو مستقبل کے وعدوں کے بجائے اس کی معاشی تاریخ کی بنیاد پر دیکھتے ہیں، اس لیے پالیسیوں میں تسلسل انتہائی اہمیت رکھتاہے،سرمایہ کاروں نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری محسوس کی ہے، تاہم پاکستان کو یہ ثابت کرناہوگاکہ وہ پروگرام ختم ہونے کے بعد بھی معاشی ڈسپلن برقراررکھ سکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے، تاہم اصل سوال یہ ہے کہ معاشی استحکام کوکاروباری سرگرمیوں اور ترقی میں کس طرح تبدیل کیاجائے،علاقائی جغرافیائی سیاسی صورتحال بھی مستقبل قریب میں معیشت کیلیے بڑاخطرہ رہے گی۔
عادل صلاح الدین نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر بیرونی مالی اعانت کامثبت ذریعہ ہیں، تاہم ان سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلیے بہترمنصوبہ بندی ضروری ہے،پائیدار معاشی ترقی کاانحصار صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافے پر ہوگا، اسٹینڈرڈ چارٹرڈکے پاکستانی کارپوریٹ صارفین سنگاپور اورعرب امارات سمیت مختلف علاقائی منڈیوں میں کاروبارکووسعت دے رہے ہیں۔
طلحہ ندیم نے کہاکہ پاکستان نے مالیاتی استحکام کیلیے اہم پیش رفت کی ہے۔اسٹینڈرڈچارٹرڈکے گلوبل ہیڈجیوپولیٹیکل اسٹریٹجسٹ اورسینئر ماہرِ معاشیات فلپ ڈوباپینٹاناکے نے خبردارکیاکہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع ختم ہونے کے باوجود عالمی توانائی منڈیوں پر اثرات طویل عرصے تک برقراررہ سکتے ہیں، عالمی توجہ زیادہ تر ایران پر مرکوز ہے.
تاہم یمن کی حوثی تحریک کے حملے زیادہ پیچیدہ صورتحال پیداکر سکتے ہیں،کیونکہ ان کے اثرات سعودی تیل کی ترسیل کے نظام تک پہنچ سکتے ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ اسرائیل اور امریکاکی ایران کیخلاف جنگ کاکوئی آسان اورکم لاگت حل موجود نہیں، تنازع نے امریکاکی بعض کمزوریوں،خصوصاً فوجی صلاحیتوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے ہیں، امریکی وسط مدتی انتخابی نتائج سے جنگ اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے پر امریکی ووٹرزکی بے اطمینانی سامنے آئی ہے،مشرقِ وسطیٰ کے ممالک امریکاکے سیکیورٹی وعدوں کی قابلِ اعتماد حیثیت پر بھی نظرثانی کرسکتے ہیں۔

