دریاؤں اور بالائی علاقوں میں بارش و سیلاب کی پیش گوئی

FB IMG 1758697419724



این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے دریائے سندھ اور کابل کے بالائی علاقوں سمیت راولپنڈی اور اسلام آباد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ادارے نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے تازہ تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کوٹری بیراج پر حالیہ تقریباً 4 لاکھ کیوسک بہاؤ کے باعث درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے، جو ستمبر کے آخر تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ تاہم گڈو اور سکھر بیراج پر پانی کے بہاؤ میں بتدریج کمی دیکھی جارہی ہے اور وہاں بہاؤ معمول کے مطابق رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں کمی کا رجحان پایا جاتا ہے جبکہ سلیمانکی اور اسلام بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں میں موجودہ بہاؤ کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب آنے کے خطرے سے دوچار ہیں۔
این ای او سی صورتحال کی ہمہ وقت نگرانی کر رہا ہے اور تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے ضروری آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر سے گریز کریں اور سیلابی ریلوں کو کراس نہ کریں۔
مزید برآں، امدادی کیمپوں میں موجود متاثرہ افراد کو اپنے علاقوں میں واپسی کے لیے متعلقہ اداروں کی ہدایات کا انتظار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

fb img 17586974124578246028715486795691
دریاؤں اور بالائی علاقوں میں بارش و سیلاب کی پیش گوئی 3

متعلقہ پوسٹ