او آئی سی کانٹیکٹ گروپ کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

FB IMG 1758697074596 1



نیویارک (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جاری اجلاس کے موقع پر او آئی سی کانٹیکٹ گروپ برائے جموں و کشمیر کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔
پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بھارتی اقدامات سے نہ صرف کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق سلب ہو رہے ہیں بلکہ خطے کے امن و استحکام کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ او آئی سی کو اپنی اجتماعی آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلانے میں عملی پیش رفت ممکن ہو سکے۔
اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ رائے دہی کا احترام کیا جانا چاہیے اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بدلنے کی بھارتی پالیسی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کانٹیکٹ گروپ کے ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اور اس مسئلے کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کریں گے

متعلقہ پوسٹ