مکہ مکرمہ — مکہ کلاک ٹاور کا میوزیم اور بیرونی آبزرویشن ڈیک گنیز ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہو گئے ہیں۔ مکہ سٹی اینڈ ہولی سائٹس کے رائل کمیشن نے اعلان کیا کہ کلاک ٹاور میوزیم دنیا کا سب سے اونچا میوزیم ہے، جو سطح زمین سے 426.875 میٹر کی بلندی پر واقع ہے، جبکہ ٹاور کا بیرونی آبزرویشن ڈیک 560.875 میٹر کی بلندی پر دنیا کا سب سے اونچا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دونوں ریکارڈ 5 جنوری 2026ء کو قائم ہوئے، تاہم رائل کمیشن نے 17 نومبر کو ان کی باضابطہ شناخت کا اعلان کیا۔ میوزیم عمارت کی چار بالائی منزلوں پر پھیلا ہوا ہے، جبکہ آبزرویشن ڈیک سے مسجد الحرام اور مکہ شہر کا وسیع منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
رائل کمیشن کے مطابق یہ کامیابی مکہ کے تاریخی، سائنسی اور تعمیراتی اثاثوں کو بروئے کار لانے، زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے اور شہر کو عالمی منزل کے طور پر مضبوط کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔ میوزیم میں کائنات، فلکیات، وقت کی پیمائش، چاند کی رصد گری اور مکہ کلاک کی انجینئرنگ سے متعلق نمائشیں شامل ہیں۔
مکہ کلاک ٹاور، جسے مکہ رائل کلاک ٹاور اور ابراج البیت بھی کہا جاتا ہے، مسجد الحرام کے قریب واقع ہے اور اس کی کل بلندی 601 میٹر ہے۔ یہ دنیا کا سب سے اونچا کلاک ٹاور ہے اور اس کے چاروں اطراف میں 43 میٹر قطر کی گھڑیاں لگی ہیں۔

