لندن: برطانوی شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ روس کے خلاف جنگ میں ضرورت پڑنے پر وہ دوبارہ برطانوی فوج میں شامل ہونے اور فوجی خدمات انجام دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے یورپ سے روسی خطرے کے خلاف متحد رہنے اور یوکرین کی حمایت دوگنی کرنے کی اپیل کی۔
مغربی یوکرین کے شہر لویو کے دورے کے دوران ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے کہا کہ برطانیہ اور روس گزشتہ ایک دہائی سے عملاً ایک دوسرے کے ساتھ تنازع میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس وجہ سے کہ برطانیہ پر ڈرون، گولیاں اور راکٹ نہیں برس رہے، یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ملک حالتِ جنگ میں نہیں ہے۔
شہزادہ ہیری نے کہا کہ یوکرین کی جانب سے روسی جارحیت کے خلاف مزاحمت سے برطانیہ بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں دوبارہ فوج میں خدمات انجام دینے کے لیے کہا گیا اور اس کی ضرورت پیش آئی تو وہ اپنے سابق فوجی ساتھیوں اور موجودہ فوجی اہلکاروں کے ساتھ ملک کی خدمت کے لیے ضرور کھڑے ہوں گے۔
ان کے مطابق یوکرین سے نہ صرف برطانیہ بلکہ پوری دنیا بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔ موجودہ عالمی سیاسی صورتِ حال پر تشویش سے متعلق سوال کے جواب میں شہزادہ ہیری نے کہا کہ ہم سب کو فکر مند ہونا چاہیے اور مستقبل کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے فوج میں خدمات انجام دی ہیں، انہیں دوبارہ ضرورت پڑنے پر خدمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
شہزادہ ہیری نے برطانوی فوج میں اپاچی ہیلی کاپٹر پائلٹ کی حیثیت سے افغانستان میں دو مرتبہ عملی فوجی خدمات انجام دیں۔ ان کا پہلا دورہ دسمبر 2007ء سے فروری 2008ء تک اور دوسرا ستمبر 2012ء سے جنوری 2013ء تک رہا۔ انہوں نے 2015ء میں فوجی زندگی سے سبکدوشی اختیار کی تھی۔
ٹرمپ کی یوکرین پالیسی پر بالواسطہ تنقید
شہزادہ ہیری نے یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے طرزِ عمل پر بھی بالواسطہ تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام میں یوکرین کی حمایت کا جذبہ ابتدا ہی سے بہت زیادہ رہا ہے، لیکن امریکی انتظامیہ کا ایک مخصوص طبقہ اس معاملے کو مختلف انداز میں دیکھتا رہا ہے۔
امریکہ میں وسط مدتی انتخابات اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں کنٹرول حاصل کرنے کے امکان پر بات کرتے ہوئے ہیری نے کہا کہ جنوری سے حالات میں تبدیلی آ سکتی ہے اور انہیں امید ہے کہ اس کے نتیجے میں یوکرین کو مزید امریکی حمایت حاصل ہوگی۔
ان کے مطابق یورپ اس معاملے پر متحد ہے اور اگر امریکہ بھی اس اتحاد کی حمایت میں زیادہ فعال کردار ادا کرے تو یہ خوش آئند ہوگا۔
شہزادہ ہیری کے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات خوشگوار ہیں۔ وہ اب تک چار مرتبہ یوکرین کا دورہ کر چکے ہیں اور سیاسی و فوجی شخصیات سے مسلسل معلومات حاصل کرتے رہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دستیاب معلومات کے مطابق یوکرین جنگ میں کامیابی حاصل کر رہا ہے، تاہم روس کے لیے بھی جنگ سے نکلنے کی کوئی حکمتِ عملی ہونی چاہیے۔ انہوں نے روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد کو غیر معمولی قرار دیا اور کہا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے شہری بنیادی ڈھانچے، اسپتالوں، طبی مراکز اور انسانی امداد کے مراکز کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک ہے۔
شہزادہ ہیری نے زور دیا کہ بین الاقوامی قوانین کی اہمیت برقرار رہنی چاہیے اور دنیا کے دیگر ممالک کو اس معاملے میں مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس وقت یوکرین کی حمایت کم کرنے کے بجائے اسے دوگنا کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کے بقول روس کی جانب سے شہری علاقوں پر راکٹ اور ڈرون حملے لوگوں کو مسلسل خوف اور بے چینی میں مبتلا رکھنے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس اور شمالی کوریا کے 30 ہزار یا اس سے زیادہ فوجیوں کا ہر ماہ ہلاک ہونا ایک ایسی صورتِ حال ہے جسے طویل عرصے تک برقرار رکھنا ممکن نہیں۔
اپنے قائم کردہ ’ان وکٹس گیمز‘ کا ذکر کرتے ہوئے، جو زخمی اور معذور سابق فوجی اہلکاروں کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں، شہزادہ ہیری نے کہا کہ یوکرین میں ان کی ملاقات جن لوگوں سے ہوئی، ان میں ان وکٹس کا جذبہ صرف سابق فوجیوں ہی نہیں بلکہ ہر شہری میں نظر آتا ہے۔
واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے 2020ء میں شاہی خاندان کے سینئر ارکان کی حیثیت سے دست برداری اختیار کی تھی اور امریکہ منتقل ہو گئے تھے۔ چھ سال بعد گزشتہ اگست میں وہ اپنے دونوں بچوں کے ساتھ برطانیہ واپس آئے تھے۔

