شیخ حسینہ کی واپسی کی آہٹ بنگلہ دیش میں ہنگامے پھوٹ پڑے! محمد یونس کا گھر نذرِ آتش

news 1795079151 8057



news 1795079151 8057

(ویب ڈیسک)بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی دسمبر میں ممکنہ واپسی سے قبل ملک میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے، بعض علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں اور معمولاتِ زندگی معطل ہیں۔

پولیس کے مطابق پُرتشدد واقعات میں حکمران جماعت کے دو کارکن ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سابق چیف ایڈوائزر محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ نے جمعرات کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ یہ اقدام ایک ہفتے سے جاری احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے بعد کیا گیا تھا۔ عوامی لیگ حکومت کی جانب سے شیخ حسینہ کو نیا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کرنے کی درخواست مسترد کرنے کے بعد سے سراپا احتجاج ہے۔

یادرہے کہ ان دستاویزات کے اجرا سے شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی راہ ہموار ہوسکتی تھی۔

تشدد کے خدشے کے پیشِ نظر بنگلہ دیش بارڈر گارڈ کی 97 پلاٹونز کو سات اضلاع میں تعینات کردیا گیا ہے۔ بارڈر گارڈ کے ترجمان شریف الاسلام کے مطابق ان اضلاع میں گوپال گنج اور فریدپور بھی شامل ہیں جہاں شیخ حسینہ کے حامیوں کی بڑی تعداد کی موجود سمجھی جاتی ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے سابق عبوری رہنما محمد یونس کے آبائی گھر کو بدھ کی رات دارالحکومت ڈھاکا سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر چٹاگانگ میں نذرِ آتش کردیا گیا۔

اس علاقے کے پنچلائش پولیس اسٹیشن کے سربراہ مزمل حق نے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ ممکنہ طور پر آتش گیر مواد گراؤنڈ فلور پر واقع غیر استعمال شدہ کمرے میں پھینکا گیا تھا۔ ان کے بقول محمد یونس کے خاندان کے افراد جو بالائی منزلوں پر رہائش پذیر تھے وہ محفوظ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں پاکستانیوں کیلئے اہم خبر! نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز عارضی طور پر بند

 اس معاملے پر محمد یونس کا مؤقف جاننے کے لیے ان کے نمائندہ تھنک ٹینک ’یونس سینٹر‘ سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش کی قیادت کرنے والے محمد یونس اور ان کی حکومت کو شیخ حسینہ کے حامیوں کی جانب سے مخالفت اور مزاحمت کا سامنا رہا ہے۔

شیخ حسینہ اگست 2024 سے بھارت میں روپوش ہیں۔ وہ بنگلہ دیش میں طلبہ کی قیادت میں شروع ہونے والی تحریک کے نتیجے میں اپنی 15 سالہ سخت گیر حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں۔

گزشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے شیخ حسینہ کو مظاہرین کے خلاف خونریز کریک ڈاؤن پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مجرم قرار دیتے ہوئے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔

گزشتہ دنوں شیخ حسینہ نے کہا تھا کہ وہ ”موت کے خطرے“ کے باوجود دسمبر میں اپنے ملک واپس جائیں گی۔ شیخ حسینہ نے بذریعہ ای میل ’اے ایف ٌپی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ”میں وطن واپسی پر درپیش خطرات سے پوری طرح آگاہ ہوں۔ لیکن میں فیصلہ کرچکی ہوں اور موت کا کوئی خطرہ مجھے اپنے وطن واپس آنے سے نہیں روک سکتا۔“

گزشتہ 10 روز سے جاری احتجاج کے دوران پولیس کے مطابق کم از کم 28 اضلاع میں درجنوں دیسی ساختہ بم دھماکوں اور گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات پیش آئے۔

 





Source link

متعلقہ پوسٹ