بریڈفورڈ میں کونسلر ابرار علی پر چاقو سے حملہ، 32 سالہ ملزم گرفتار

IMG 20261119 WA3550


برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کے علاقے تھورنبری ایونیو میں جمعرات کے روز تقریباً 11:04 بجے بریڈفورڈ مور کی آزاد کونسلر ابرار علی پر چاقو سے حملہ کیا گیا۔ 52 سالہ کونسلر کے زخمی ہونے کے بعد انہیں مینس اسٹریٹ لے جایا گیا، جہاں ایمرجنسی خدمات پہنچیں اور انہیں لیڈز جنرل انفرمری اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کونسلر علی کو ٹانگ میں چاقو مارا گیا، تاہم ان کی حالت سنگین مگر جان لیوا نہیں بتائی گئی۔ کونسلر اشتیاق احمد نے کہا کہ ان کی ہنگامی سرجری ہوئی، وہ خون کی کمی کے باوجود مستحکم ہیں اور بات کر رہے ہیں۔
واقعے کے بعد ملزم، جس کی عمر 32 سال بتائی گئی ہے، تھورنبری ایونیو پر واقع ایک مکان کی چھت پر چڑھ گیا۔ پولیس نے کئی گھنٹوں کے بعد اسے نیچے لایا اور اقدامِ قتل کے شبہ میں گرفتار کر کے حراست میں لے لیا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس نے مینس اسٹریٹ، لیڈز روڈ اور تھورنبری ایونیو پر تفتیش کے لیے متعدد مقامات کو محدود قرار دیا ہے۔ حملے کی حتمی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ پوسٹ