نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک سنسنی خیز اور برق رفتار کارروائی میں اس نوجوان کو دھر لیا، جس کی تلاش عالمی اداروں کو گزشتہ تین سال سے تھی۔
حکام کے مطابق ایک بین الاقوامی ایجنسی کی خفیہ اطلاع پر این سی سی آئی اے نے محض آدھے دن کے اندر منظور کالونی کے عقبی علاقے سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
حیران کن طور پر یہ نوجوان رات کو فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا اور آن لائن جوئے کی شدید لت میں مبتلا تھا۔ جوئے کے لیے رقم اکٹھی کرنے کی ہوس نے اسے اس اندھیری دنیا میں دھکیل دیا جہاں وہ ڈارک ویب کو ایکسیس کرتا تھا۔
ٹیلی گرام کے مختلف چینلز جوائن کر کے وہاں موجود اوپن سورس ڈیٹا اکٹھا کرتا تھا اور حساس معلومات فروخت کر کےکرپٹو کرنسی میں ادائیگیاں وصول کرتا تھا۔
سامنے آنے والے اعترافی بیان کے مطابق ملزم کے بقول اس کی آئی ڈی ’ڈی پی بلیو‘ اور ’گوتھم سٹی‘ کے نام سے تھی، اور وہ ٹیلی گرام چینلز پر ملنے والے امریکی شہریوں کے ڈیٹا، ایف بی آئی کے ڈیٹا اور دیگر شہریوں کے ڈیٹا کا کاروبار کرتا تھا، جس میں لوگوں کے نام، فون نمبر، زپ کوڈ اور پتے شامل ہوتے تھے۔
اس کے علاوہ تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ مختلف ممالک کے خفیہ ایجنٹوں کی اصل شناخت اور ذاتی ڈیٹا چوری کر کے بیچ رہا تھا، جس کے باعث کچھ عرصہ قبل چینی ایجنسیوں کو بھی اس کی تلاش تھی۔
تفتیش میں یہ دلچسپ اور سنسنی خیز پہلو بھی سامنے آیا کہ ملزم ہالی ووڈ فلم ’بیٹ مین‘ کا جنونی مداح تھا۔ اس نے فلم کے مرکزی کردار بروس وین سے متاثر ہو کر اپنا خفیہ نام ’ڈی پی وینس‘ رکھا، ٹیلی گرام پر اپنے چینلز کا نام فرضی شہر ’گوتھم‘ رکھا اور اپنے جسم پر بیٹ مین اور اس سے جڑے کرداروں کے ٹیٹو بھی بنوا رکھے تھے۔

