پنجاب میں پنچایت نظام کی قانونی بحالی کی تیاری حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے اور اس کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز نے مجوزہ ڈرافٹ کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی حکومت نے پنجاب پنچایت ایکٹ 2026 پر عوام سے تجاویز لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈرافٹ میں پنجاب میں تنازعات کے حل کے لیے پنچایت نظام کو قانونی شکل دینے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت پنچایت نظام کے ذریعے عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔
مجوزہ ڈرافٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنچایتی نظام کے تحت 15 دن میں تنازع کے تصفیے کی کوشش کرنا ہوگی، ریٹائرڈ ججوں، فوجی افسران، ریٹائرڈ سرکاری افسران اور وکلا پنچایتی مقرر ہو سکیں گے، اساتذہ، پروفیسرز، علمائے کرام اور مساجد کے امام بھی پنچایتی بننے کے اہل ہوں گے۔
اسی طرح پنچایتی کی تقرری، نگرانی اور برطرفی کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کے پاس ہوں گے، پنچایتی کی مدت تین سال مقرر کرنے کی تجویز کی گئی ہے اور تسلی بخش کارکردگی پر دوبارہ تقرری ممکن ہوگی، پنچایتی بلا معاوضہ خدمات انجام دیں گے، عہدہ سنبھالنے سے پہلے حلف اٹھانا ہوگا۔
مجوزہ ڈرافٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام فریق کی رضامندی کے بغیر پنچایتی کسی تنازع کی کارروائی نہیں کر سکے گا، دیوانی، خاندانی، گھریلو اور ہمسایوں کے تنازعات پنچایت کے ذریعے حل کرایا جائے گا، جس میں جائیداد، زمین کی حدود، قبضے، راستوں اور آب پاشی کے تنازعات بھی پنچایت کے دائرہ اختیار میں شامل ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کاروباری معاملات اور مالی لین دین کے تنازعات بھی پنچایتی حل کروا سکیں گے، زیادتی، جنسی تشدد، ہراسانی اور غیرت کے نام پر جرائم پنچایت کے دائرہ اختیار میں نہیں ہوگا، ونی، سوارہ اور بدلہ صلح جیسی رسومات کے تحت خواتین کو شادی میں دینے پر پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ ڈرافٹ کے مطابق کم عمر اور جبری شادی کے معاملات بھی پنچایتی حل نہیں کر سکیں گے، شادی کی قانونی حیثیت، تنسیخ نکاح اور بچوں کی تحویل کے معاملات پنچایت کے دائرہ اختیار سے باہر ہوں گے، سرکاری اراضی، متروکہ املاک اور اوقاف کی جائیداد کے تنازعات پنچایت میں نہیں سنے جا سکیں گے۔
واضح کیا گیا ہے کہ پنچایتی کو عدالتوں کے عدالتی اختیارات حاصل نہیں ہوں گے، کردار مصالحت تک محدود ہوگا، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پنچایت کے سپرد نہیں کیے جا سکیں گے تاہم عدالتی ریفرنس پر مصالحت ممکن ہوگی، پنچایت میں ہونے والا سمجھوتہ تحریری ہوگا، فریقین کے دستخط یا انگوٹھے لازمی قرار دیے گئے ہیں۔
مجوزہ ڈرافٹ میں پنچایتی تصفیے کو عدالتی ڈگری میں تبدیل کرانے کی تجویز دی گئی ہے اور عدالت 30 دن میں فیصلہ کر سکے گی، دھوکا، جبر یا غلط بیانی سے حاصل کیا گیا سمجھوتہ عدالت میں مسترد ہو سکے گا۔
مجوزہ ڈرافٹ میں خواتین، بچوں، بزرگوں، معذور افراد اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی خصوصی شقیں شامل ہیں، پنچایتی خواتین کے جائیداد کے حقوق کے خلاف فیصلہ نہیں کر سکے گا، بدعنوانی، رشوت یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر پنچایتی کی معطلی اور برطرفی ممکن ہوگی۔
اسی طرح پنچایت کی کارروائی کا ریکارڈ محفوظ اور فریقین کے بیانات و مذاکرات خفیہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر پنچایت نظام کی نگرانی اور انتظامی کنٹرول کا ذمہ دار ہوگا۔
Source link

