قاتل روبوٹس پر پابندی کے حوالے سے مذاکرات 2 سال تک جاری رکھنے پر اتفاق

news 1795265410 5693



news 1795265410 5693

(24 نیوز)اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام مہلک خودمختار ہتھیاروں جنہیں عام طور پر ’قاتل روبوٹس‘ (Killer Robots) کہا جاتا ہےکے استعمال کو محدود کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کسی حتمی اور قانونی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے ہیں تاہم، شریک ممالک نے آئندہ دو سال کے دوران نئے قواعد وضع کرنے کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کے کنونشن (CCW) کے تحت ہونے والے ان مذاکرات کا مقصد ایسے جدید ہتھیاروں کے لیے ضابطے بنانا تھا جو انسانی مداخلت کے بغیر یا انتہائی محدود کنٹرول کے ساتھ خودکار طریقے سے اپنے ہدف کی شناخت کر کے اسے نشانہ بنا سکتے ہیں۔

اجلاس میں تقریباً 100 ممالک نے جلد از جلد سخت اور قانونی طور پر پابند قوانین بنانے کی حمایت کی، لیکن امریکا، روس اور اسرائیل سمیت بڑے اسلحہ ساز ممالک کی مخالفت کے باعث یہ کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔

 ان ممالک کا مؤقف ہے کہ سخت عالمی قوانین کے بجائے قومی سطح پر رہنما اصولوں کو ترجیح دی جانی چاہیے، جس کے نتیجے میں طے پانے والا معاہدہ محدود رہا اور مستقبل کے ضابطوں کی قانونی حیثیت تاحال غیر واضح ہے۔

یوکرین، سوڈان اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات میں ان خودکار ہتھیاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال نے عالمی سطح پر شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ اسی خطرے کے پیشِ نظر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، پوپ اور عالمی ریڈ کراس بھی ان ہتھیاروں پر سخت عالمی پابندیوں کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

مذاکرات کے سوئس چیئرمین جولین تھونی نے اس پیش رفت کو انسانی بنیادوں پر اسلحہ کنٹرول کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ منقسم عالمی ماحول میں بھی سفارت کاری کے ذریعے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

 اس کے برعکس انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے،’اسٹاپ کِلر روبوٹس‘ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نکول وین روئین نے خبردار کیا کہ قانونی معاہدے میں تاخیر عام شہریوں اور پوری انسانیت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن رہی ہے۔

دوسری جانب دفاعی مبصرین اور سابق فوجی حکام کا ماننا ہے کہ موجودہ کنونشن کے تحت کسی بھی فیصلے کے لیے تمام 128 رکن ممالک کا اتفاقِ رائے لازمی ہے، اور اگر بڑی طاقتوں کی مخالفت کے باعث یہاں پیش رفت ممکن نہیں ہو پا رہی، تو اس معاملے کو اقوام متحدہ کے اس فریم ورک سے باہر کسی نئے عالمی پلیٹ فارم پر لے جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرا دی گئی 





Source link

متعلقہ پوسٹ