امریکہ کو مطلوب انڈرورلڈ ڈان ڈرامائی آپریشن کے دوران میکسیکو سے گرفتار

news 1795273523 3630



news 1795273523 3630

(24 نیوز)امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی مطلوب ترین شخصیات کی فہرست میں شامل منشیات کی دنیا کے بڑے ڈان، فاؤستو ایسدرو میزا فلورس المعروف ’ایل چاپو ایسدرو‘ کو میکسیکو کی فوج نے ایک بڑے اور سنسنی خیز آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہر گواسابے میں ہونے والی اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز اور منشیات فروش کارٹیل کے مسلح جنگجوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

 جھڑپوں کے دوران گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، فائرنگ کی زد میں آنے کے خوف سے قریبی اسٹیڈیم میں بیس بال کا میچ دیکھنے آئے شائقین اور کھلاڑیوں کو بھی جان بچانے کے لیے میدان چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔

ایک دہائی سے زائد عرصے تک قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دینے والے ایل چاپو ایسدرو پر امریکا میں کوکین اور ہیروئن سمیت بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کے سنگین الزامات عائد ہیں، جبکہ ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری میں مدد دینے پر 50 لاکھ ڈالر (تقریباً ایک ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) انعام بھی مقرر کر رکھا تھا۔

میکسیکو کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن میکسیکو کے انٹیلی جنس اداروں اور امریکا کے باہمی تعاون و معلومات کے تبادلے کے نتیجے میں عمل میں آیا، تاہم اس حوالے سے وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا امریکی اہلکار براہِ راست اس کارروائی میں شریک تھے یا نہیں۔

گرفتاری کے بعد ایل چاپو ایسدرو اور اس کے دیگر ساتھیوں کو میکسیکو کی فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ذریعے دارالحکومت میکسیکو سٹی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :قاتل روبوٹس پر پابندی کے حوالے سے مذاکرات 2 سال تک جاری رکھنے پر اتفاق





Source link

متعلقہ پوسٹ