میو ہسپتال لاہور: 2 کروڑ 23 لاکھ روپے کے اسٹنٹس اور بیلونز غائب، انکوائری کمیٹی تشکیل

IMG 20260718 WA2375


لاہور — میو ہسپتال کے شعبہ امراضِ قلب کے سالانہ آڈٹ میں اسٹنٹس اور بیلونز کا ریکارڈ مشکوک قرار دے دیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایک کروڑ 13 لاکھ روپے مالیت کے 232 اسٹنٹس اور ایک کروڑ 10 لاکھ روپے مالیت کے 1059 بیلونز ریکارڈ سے غائب پائے گئے، جن کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 23 لاکھ روپے بنتی ہے۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے ہسپتال انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ ایم ایس اور سی ای او میو ہسپتال نے 3 جولائی 2026 کو کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
آڈٹ رپورٹ میں شعبہ کارڈیالوجی کے رجسٹرار پر اسٹنٹس اور بیلونز کی گمشدگی میں مبینہ ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق رجسٹرار پر سرکاری اسٹنٹس اور بیلونز نجی ہسپتالوں کو فروخت کرنے کا الزام ہے، جبکہ انکوائری پر اثرانداز ہو کر کارروائی رکوانے کی کوشش کا بھی الزام سامنے آیا ہے۔
انکوائری تاحال جاری ہے اور حتمی ذمہ داری کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
سی او او میو ہسپتال ڈاکٹر عبدالمدبر ریحان نے اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "مبینہ کرپشن بے نقاب کرنے پر مجھے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بعض وائی ڈی اے عہدیداروں نے دباؤ ڈالنے اور نوکری سے نکلوانے کی دھمکیاں دیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ، شفافیت اور مریضوں کی فلاح کے لیے ہر دباؤ کا مقابلہ کریں گے۔

متعلقہ پوسٹ