واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی ہی امریکہ کو دیوالیہ ہونے سے بچا سکتی ہے۔
صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ اگر نومبر کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول حاصل کر لیتی ہے تو ہر بالغ امریکی شہری کو 5 ہزار ڈالر کا منافع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "ڈیموکریٹ ایسا نہیں کر سکتے، کیونکہ وہ محصولات عائد نہیں کرتے اور اس لئے ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔”
اس سے قبل منگل کو بالٹی مور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر ڈیموکریٹک پارٹی انتخابات جیت گئی تو امریکی معیشت کو 1929ء جیسی شدید کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑے گا۔
وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے، جن میں سینیٹ کے 33 اور ایوانِ نمائندگان کے تمام 435 اراکین منتخب کئے جائیں گے۔ کئی ریاستوں میں قانون ساز اداروں کے انتخابات بھی اسی روز ہوں گے۔

