سیول: مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی بدھ کو تین روزہ دورۂ ایشیا کے پہلے مرحلے میں جنوبی کوریا پہنچ گئے۔ مصری ایوانِ صدر کے مطابق انہوں نے سیول ایئر بیس پر لینڈ کیا۔ دورے کے اگلے مراحل میں وہ ملائیشیا اور انڈونیشیا جائیں گے۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ نے صدارتی دفتر کے حوالے سے بتایا کہ السیسی کو صدر لی جے میونگ نے دورے کی دعوت دی تھی اور دونوں رہنماؤں کی ملاقات آج (جمعرات) طے ہے۔ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تعاون کے ساتھ عوامی روابط کے فروغ پر توجہ مرکوز ہونے کی توقع ہے۔
صدارتی ترجمان کانگ یو جونگ کے مطابق علاقائی سیاسی پیش رفت اور دیگر بین الاقوامی امور بھی ایجنڈے میں شامل ہوں گے۔ سیول کو امید ہے کہ یہ دورہ مصر کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک لے جانے اور افریقہ و مشرقِ وسطیٰ میں تعاون مضبوط بنانے میں معاون ہوگا۔
یہ السیسی کا 2016ء کے بعد جنوبی کوریا کا پہلا دورہ ہے۔ دونوں رہنماؤں کی آخری ملاقات نومبر 2025ء میں قاہرہ میں صدر لی کے دورۂ مصر کے موقع پر ہوئی تھی۔ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی صنعت میں تعاون بڑھا رہے ہیں اور ثقافتی و تعلیمی روابط مزید قریبی بنانے کے خواہاں ہیں۔

