
(24 ںیوز )ایران کے اعلیٰ عسکری کمانڈرز نے امریکا کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ایک ایسا نیا میزائل لانچر متعارف کرایا ہے جو بیک وقت مائع ایندھن سے چلنے والے دو میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق ہفتے کے روز پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ احمد واحدی اور فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی کے ایک زیرِ زمین میزائل اڈے کے دورے کی فوٹیج نشر کی گئی، جس میں دونوں عسکری کمانڈرز کو میزائلوں اور جدید فوجی سازوسامان سے لیس طویل زیرِ زمین سرنگوں کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ احمد واحدی نے دشمن کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسے پہنچنے والا نقصان محض آغاز ہے اور مستقبل میں اسے مزید ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی فضائیہ کے کمانڈر مجید موسوی نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو تنازعات کے دوران ایران کی عسکری و دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اب ملک کے پاس ایسے جدید ہتھیار موجود ہیں جو دشمن کو خوفزدہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے رواں ماہ کے آغاز میں بھی ایک نئے زیرِ زمین میزائل بیس کی رونمائی کی تھی، جہاں بیلسٹک اور کروز میزائلوں سمیت بھاری عسکری ذخائر موجود ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
تاہم تہران کی جانب سے اس نئے دوہرے میزائل لانچر کی مکمل تکنیکی تفصیلات، اس کے باضابطہ تجربے یا میدانِ جنگ میں استعمال کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ٰیہ بھی پڑھیں :ورلڈ بینک کی پاکستان کو عام انتخابات تک معاشی اصلاحات جاری رکھنے کی سفارش

