آبنائے ہرمز میں برطانوی تیراک کی تین روزہ تیراکی، جنگ کے ماحولیاتی اثرات کی جانب توجہ

lewis 221126 d

لندن: برطانوی طویل فاصلے کے تیراک لیوس پگ نے آبنائے ہرمز کے کچھ حصوں میں تین دن تک تیراکی کر کے جنگ کے سمندری ماحول پر پڑنے والے خطرناک اثرات کی طرف دنیا کی توجہ دلائی ہے۔ اقوام متحدہ کے سرپرست برائے سمندر لیوس پگ کے مطابق جہازوں پر حملوں اور تیل و کیمیائی مادوں کے اخراج سے سمندری حیات، مرجانی چٹانوں اور ساحلی ماحول کو طویل عرصے تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق 56 سالہ پگ نے عمان کے جزیرہ نما مسندم سے کیپ آف ہرمز تک تقریباً 15 کلومیٹر (3.9 میل) کا فاصلہ تین دن میں مختلف مرحلوں میں طے کیا اور مجموعی طور پر ساڑھے چھ گھنٹے پانی میں رہے۔ جنگ شروع ہونے کے بعد اس علاقے میں طویل فاصلے کی تیراکی کی یہ پہلی کوشش سمجھی جا رہی ہے۔

16 نومبر کو تیراکی شروع کرنے کے چند منٹ بعد انہوں نے دو زوردار دھماکوں کی آواز سنی۔ ان کے مطابق تقریباً چار کلومیٹر دور ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد لڑاکا طیارے بھی علاقے میں پہنچ گئے اور ان کی ٹیم کو فوری طور پر وہاں سے نکلنا پڑا۔ بعد میں انہوں نے وقفوں کے ساتھ سفر مکمل کیا۔ ایک اور جہاز پر حملے کے بعد انہوں نے آسمان کی طرف بلند ہوتے شعلے دیکھے۔ دوسرے دن واپسی پر ایک گیس بردار جہاز کو نشانہ بنتے دیکھا، جس سے کیمیائی مادوں کی بو پھیل رہی تھی اور اس کے گرد پانی میں بھی آگ لگی ہوئی تھی۔

پگ نے کہا کہ آبنائے ہرمز اہم تجارتی راستے کے ساتھ ساتھ قدرتی حسن اور سمندری حیات کا قیمتی خطہ بھی ہے۔ ان کے مطابق فروری سے اب تک کئی جہازوں کو پہنچنے والے نقصان سے تیل کے اخراج اور کیمیائی آلودگی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ تیل پھیلنے کی صورت میں ڈولفن، سمندری کچھوؤں، مرجانی چٹانوں اور مینگرووز کو برسوں یا دہائیوں تک نقصان پہنچ سکتا ہے، اور ایسے علاقوں کی صفائی بھی انتہائی مشکل ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پہنچتے وقت ڈولفن کا بڑا جھنڈ ان کی کشتی کے ساتھ تیرتا رہا، جبکہ کچھوے اور مچھلی کھانے والے آبی پرندے بھی نظر آئے۔ جنگ سے پہلے عمان کے ساحل پر تیراکی کے دوران انہوں نے سیکڑوں کچھوے دیکھے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایران نے حالیہ ہفتوں میں ان جہازوں پر حملے تیز کیے ہیں جن کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز میں غیر مجاز راستے اختیار کیے۔ جنگ سے پہلے دنیا کی تجارت میں شامل تقریباً پانچواں حصہ تیل اسی گزرگاہ سے گزرتا تھا۔ ایرانی بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر بھی کئی جہاز متاثر ہوئے اور بعض میں آگ لگ گئی۔

لیوس پگ گزشتہ 40 برسوں سے سمندروں کے تحفظ کے لیے تیراکی کر رہے ہیں۔ وہ قطب شمالی کے پار تیراکی کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں اور ہر سمندر میں طویل فاصلے کی تیراکی کا اعزاز رکھتے ہیں۔ 2023 میں انہوں نے دریائے ہڈسن میں 315 میل تیراکی کر کے صاف دریاؤں کی اہمیت اجاگر کی تھی۔ اس بار ان کا پیغام یہ تھا: جنگ بند کی جائے، آبنائے کو کھولا جائے اور آلودگی کی صفائی کی جائے۔

متعلقہ پوسٹ