اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کے بعد جیٹ فیول، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کے نرخوں میں بھی کمی کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 21 نومبر سے ہوگیا ہے۔
پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 12 روپے 6 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 287 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اس سے قبل جیٹ فیول 299 روپے 77 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہورہا تھا۔
دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 10 روپے 42 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کا نیا نرخ 273 روپے 22 پیسے فی لیٹر ہوگیا ہے۔
پی ایس او کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کے صارفین کو بھی ریلیف فراہم کیا گیا ہے، اس کی قیمت میں 11 روپے 44 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 220 روپے 28 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
حکام کی جانب سے جاری کردہ نئی قیمتوں کے مطابق تینوں پیٹرولیم مصنوعات کے کم نرخ 21 نومبر سے نافذ العمل ہیں۔
قیمتوں میں کمی کے بعد جیٹ فیول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل استعمال کرنے والے صارفین کو اب نئی مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق ادائیگی کرنا ہوگی۔


