زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، قلیل مدت میں معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی استعداد رکھتی ہے، وزیرِاعظم
اسلام آباد —رپورٹ محمد سلیم سے
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے میں ملکی معیشت کو قلیل مدت میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی وسیع استعداد موجود ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں قومی زرعی و غذائی تحفظ کونسل (NAFSC) کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔


وزیرِاعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو زراعت کی ترقی کے لیے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کسانوں کو کم لاگت پر کھاد، معیاری بیج، جدید مشینری اور پانی کے بہتر استعمال کے لیے آلات و تکنیکی صلاحیتوں کی فراہمی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ کسانوں، بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو ان کی فصل کی صحیح قیمت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائیو اسٹاک کا شعبہ بھی ملکی برآمدات بڑھانے کی وسیع استعداد رکھتا ہے اور پاکستانی حلال گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم وافر مقدار میں موجود ہے اور گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی بوائی سے قبل اس کی صحیح قیمت کا تعین ضروری ہے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ ملے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گندم کی قیمت کے حوالے سے فیصلہ صوبوں کی مشاورت کے ساتھ کیا جائے گا اور مشاورت مکمل کرنے کے بعد جلد گندم کی قیمت کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کسانوں کو گندم کی صحیح قیمت اور صارفین کو سستی گندم ملے۔
اجلاس میں وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیرِ خوراک سندھ مخدوم محبوب الزمان نے پنجاب اور سندھ میں کسانوں کی ترقی، ایکوا کلچر، شرمپ فارمنگ اور کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو براہِ راست سبسڈی فراہم کرنے جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اجلاس میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں زراعت کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، خالد حسین مگسی اور میاں معین وٹو، مشیران رانا ثناء اللہ اور ہارون اختر، وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیرِ زراعت سندھ مخدوم محبوب الزمان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

