روس کی سابق ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا نے انکشاف کیا ہے کہ ومبلڈن ٹائٹل جیتنے کے بعد ملنے والی انعامی رقم سے انہوں نے کوئی گاڑی یا گھر نہیں بلکہ ایک مہنگا میٹرس خریدا تھا۔
ماریہ شراپووا نے 2004 میں ومبلڈن ویمنز سنگلز کے فائنل میں امریکی اسٹار سرینا ولیمز کو شکست دے کر صرف 17 برس کی عمر میں گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس کامیابی کے بعد انہیں 5 لاکھ 60 ہزار 500 پاؤنڈ کی انعامی رقم ملی تھی۔
انہوں نے پوڈکاسٹ ’پریٹی ٹف‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلی بڑی انعامی رقم ملنے کے بعد وہ اپنی والدہ کے ساتھ میٹرس کی دکان پر گئیں اور 10 ہزار ڈالر کا میٹرس خرید لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس خریداری پر انہیں آج بھی شرمندگی محسوس ہوتی ہے لیکن یہ ان کی زندگی کی پہلی بڑی خریداری تھی۔
ماریہ شراپووا نے دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپنی والدہ کے ساتھ گھر واپس پہنچیں تو والد نے پوچھا کہ تم دونوں کہاں گئی تھیں؟ میں نے جواب دیا کہ شاپنگ کرنے گئے تھے۔
ان کے والد نے پوچھا کہ کون سا بیگ خریدا ہے جس پر شراپووا نے بتایا کہ کوئی بیگ نہیں خریدا بلکہ ایک میٹرس لیا ہے جس کی قیمت 10 ہزار ڈالر ہے۔
شراپووا کے مطابق ان کی اس غیر معمولی خریداری پر والد حیران رہ گئے تھے جبکہ وہ میٹرس آج بھی ان کے پاس موجود ہے۔
Source link

