بیانات اور وضاحت کا نفسیاتی پہلو

2709610 WarisRaza 1726948476


پاکستانی سیاست بھی اپنے بیانات اور وضاحتوں کی ایک دلچسپ کہانی ہے، جس میں سیاسی بیانات کے حوالے سے جہاں ملکی سیاسی تاریخ کے پیچ و خم پتہ چلتے ہیں، وہیں ہماری سیاست اور علمی مباحث میں غیرسنجیدگی بھی منہ کھولے کھڑی ہوتی ہے۔ 

دوسری جانب ہمارے ملک میں وہ سیاستدان رہے ہیں یا ابھی تک کسی حد تک اپنے نظریاتی سیاسی اصولوں پر کھڑے نظر آتے ہیں جو اپنی نظریاتی سیاسی تربیت کے تناظر میں حالات وواقعات کو پہلے تجزیاتی سطح پر جانچتے ہیں اور پھر کسی بھی سیاسی وسماجی مسئلے پر اپنا مؤقف دیتے ہیں، جس کو سیاست میں ایک سنجیدہ عنصر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

ہماری نئی نسل کے سیاسی طالبعلم کو یہ معلومات اپنے ذہن میں ضرور رکھنی چاہئیں کہ پاکستان کی سیاست میں سیاستدان کے معیار کو جانچنے یا سمجھنے کے وہ کیا اصول ہیں جن کی بنیاد تاریخی حوالوں سے سیاستدان کہلوانے کی ہے اور اسی کے ساتھ ہمارے سماج میں ایسے خودرو قسم کے سیاستدان بھی پیدا کیے گئے جو اقتدار کی طاقت کی مجبوری یا ضرورت تھے۔

اس سوال پر کہ کون سیاستدان کی تاریخی تعریف پر پورا اترتا ہے اور کون نہیں، اس سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کیا اقتدار کی ضرورت کے واسطے بھرتی کیے جانے والے سیاستدان سماج کے لیے ضروری ہیں یا وہ سیاستدان جن کا ہاتھ سماج کی نبض پر ہو۔

اس ضمن میں یہ بات سوال تو ابھارتی ہے کہ کیا سیاستدان صرف خانوادے،گھرانے یا خاص طبقے کے افراد یا ان کی جماعتیں ہی ہو سکتے ہیں یا پھر وہ افراد جو کسی کی خواہش والی فیکٹری میں طاقت اور فرمانبرداری کے سانچے میں تیار کیے جائیں؟

یا صرف سیاست کے نام پر بنائے جانے والے سیاستدان اور جماعتوں کو صرف اس لیے سیاسی درجہ دے دیا جائے کہ وہ واضح یا غیرواضح ہوکر اقتدار کی طاقت کے بیانیے پر کسی نہ کسی طرح عمل کروائیں اور عوام میں جا کر عوام کے حقوق اور ان کے بنیادی حق کی ترجمانی کے صرف زبانی دعوے کرتے رہیں۔

سیاسی تاریخ کے اعتبار سے مذکورہ سیاستدان بنانے کا فارمولا کسی طور درست قرار نہیں دیا جا سکتا اور یہ بھی ضروری امر نہیں کہ سیاست کسی کی میراث سمجھ لی جائے یا موروثی سیاستدان ہی سماج کے مسائل کے حل کے مکمل ذمے دار بنا دیئے جائیں۔

سیاست اور سیاستدان کے تناظر میں سیاست، سماج سے گفتگو کرنے کا وہ رجحان ہوتا ہے جس میں سماجی مسائل اور مسائل کی تدبیر نکالنے کا حل سیاست کی بنیادی ضرورت سمجھا جاتا ہے۔

لہٰذا سماجی افراد کی مجموعی سوچ کو وہی جانچ یا دیکھ سکتا ہے جس کی مٹی ’’سیاست کی مدبرانہ سوچ‘‘ کے ساتھ گوندھی گئی ہو، جس کے لیے سیاستدان کی لازمی شرط سیاست کی بنیادی تاریخ کا علم اور انسان کے سماجی شعور کو سمجھنے اور پڑھنے کی صلاحیت کا ہونا ہوتا ہے۔ 

گویا ایک ’’مدبر سیاستدان‘‘ کے لیے سیاسی ونظریاتی مطالعے کے ساتھ ساتھ سماج کے عام فرد کی نفسیات کو جاننا بھی لازمی امر ہوتا ہے اور سیاستدان کو سماج کے مسائل کے ادراک کے لیے ایک سماجی ڈاکٹر بننا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ 

مدبرانہ سیاستدان کا ایک ایک لفظ اور اس کی گفتگو بہت قیمتی جانی جاتی ہے اور سیاستدان کے قول وعمل کا سماجی ملاپ یا اپنے کہے پر استقامت سے قائم رہنا ہی سیاستدان کی نظریاتی اور سیاسی پختگی کا وہ نشان ہوتا ہے جو سماج کے فرد کا اس سیاستدان یا اس کی سیاسی جماعت کا اعتبار قائم کرواتا ہے۔

اسی کے ساتھ سیاست ایک ایسی دانش اور سماج کی امانت سمجھی جاتی ہے جس میں کسی بھی ملاوٹ کا اندیشہ نہ رکھا جائے کیونکہ سیاستدان کا ایک جملہ یا ایک غیرسنجیدہ عمل نسلوں کے مستقبل کا اعتبار ختم کر سکتا ہے۔

اس حوالے سے مجھے ملک کے معروف تاریخ دان ڈاکٹر مبارک علی کا یہ اقتباس یاد آرہا ہے جس میں ڈاکٹر صاحب سیاستدانوں کی تربیت اور علم کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ’’آزادی کی جدوجہد کے دنوں میں سیاستدانوں کی تقاریر میں شائستگی اور مدبرانہ انداز تکلم ہوتا تھا، زبان کے معیار کو برقرار رکھا جاتا تھا، ایک اچھا مقرر ہی لوگوں کو اپنی تقریر سے مسحور کر لیتا تھا۔ 

پاکستان کے ابتدائی دور میں سیاستدانوں میں فن خطابت کی صلاحیت تھی، ان سیاستدانوں کا انداز دل لبھانے والا اور شائستہ ہوا کرتا تھا، وہ اپنے نکتہ نظر کو بیان کرتے ہوئے کسی کی بھی عزت وتکریم کا خیال کرتے تھے، نظریاتی اختلاف بھی شائستہ انداز سے دھیمے لہجے سے رکھا کرتے تھے، سیاستدانوں میں مخالف کے لیے ادب واحترام تھا، اس زمانے میں عوام سیاستدانوں کی تقاریر خود سننے آیا کرتے تھے، لائے نہیں جاتے تھے اور کوئی غل غپاڑہ نہیں ہوتا تھا۔‘‘

ڈاکٹر مبارک علی کے بقول ’’پاکستان کی سوسائٹی بری طرح زوال پذیر ہوئی ہے، اسی کا حصہ سیاستدان ہیں کہ جب وہ جلسے جلوسوں یا پریس کانفرنس میں تقریر کرتے ہیں تو فوری اندازہ ہو جاتا ہے کہ نہ ان کے پاس علم ہے، نہ یہ شائستہ زبان سے واقف ہیں، نہ یہ عوامی مسائل سے واقف ہیں اور نہ ہی ان میں قوت برداشت کا مادہ ہے۔

ہمارے ہاں تقریروں کا ایک ہی انداز ہو گیا ہے کہ زور سے بولا جائے، اپنے حریفوں کو گالیاں دی جائیں، دھمکی دی جائے، جھوٹے دعوے کیے جائیں اور اپنے سیاسی کارنامے بیان کیے جائیں، آج کے سیاستدانوں کے جلسوں میں لوگ خود سے نہیں آتے بلکہ لائے جاتے ہیں اور اب تو کھانا دینے کا بھی رواج آن نکلا ہے۔

اس سیاسی پسماندگی کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ سیاست خاندان اوراشرافیہ کی اجارہ داری میں آگئی ہے، اقتدار میں آنے کیلیے کسی صلاحیت یا تربیت کی ضرورت نہیں، تعلیمی اداروں میں سیاست ممنوع قرار دی جا چکی ہے اور طلبہ سیاست کو بحال کرنے میں یہ خاندان اور اشرافیہ کبھی دلچسپی نہیں لیں گے، اشرافیہ پراپیگنڈے کے ذریعے لوگوں کی ذہنی سوچ وفکر کو روک دیتی ہے۔‘‘

ڈاکٹر مبارک علی کی مذکورہ تمام نشاندہی کے بعد یہ نتیجہ نکالا جا سکتا ہے کہ جب سیاستدان ملکی اشرافیہ کے ساتھی ہوجاتے ہیں تو نہ ان کے کسی بیان، نہ کسی وضاحت اور نہ ہی ان کی کسی بات کی کوئی اہمیت ہوتی ہے بلکہ یہ وہ سیاستدان ہوتے ہیں جن کا نہ نظریہ ہوتا ہے، نہ فکر ہوتی ہے اور نہ ہی ان میں اتنی صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ سماج کے گھمبیر سیاسی وسماجی مسائل کا کوئی جامع حل نکالیں۔

آج کے غیرسیاسی ونظریاتی تربیت سے خالی سیاستدان جب کسی اسٹیج سے بیان دے بیٹھتے ہیں تو پھر اس بیان کی وضاحتیں بیان سے زیادہ طویل ہو جاتی ہیں، سیاست میں مدبر سیاستدان جب ناپ تول کر اپنی نظریاتی سیاسی بصیرت سے بیان دیتا ہے تو اسے کسی بھی وضاحت کی ضرورت نہیں پڑتی، کسی بھی بات کی وضاحت کا مقصد نفسیات کی رو سے فرد کی کمزوری تصور کیا جاتا ہے۔

نفسیاتی طور سے وضاحت Justification/Explanationکا عمل انسان کی ذہنی کشمکش کو کم کرنے، اپنی ذات کا تحفظ اور دوسروں کے سامنے اپنی ساکھ بچانے کی ایک فطری کوشش ہے، جب انسان کوئی غلطی کر بیٹھتا ہے یا کسی مشکل میں پھنس جاتا ہے تو وہ شرمندگی اور احساس جرم سے بچنے کے لیے وضاحت کا سہارا لیتا ہے اور یہ چلن پاکستان کی سیاست میں دھڑلے سے نہ صرف چل رہا ہے بلکہ سیاستدانوں کی وضاحت پر واہ واہ بھی کر رہا ہے، خبر نہیں کہ یہ سیاسی پسماندگی سماج کو کہاں لے جائے؟





Source link

متعلقہ پوسٹ