کراچی، جو کبھی عروس البلاد تھا

2722907 khalidmehmoodrasool 1728674927


کراچی کا ذکر بچپن میں والد صاحب سے بار بار سنا۔ قصہ گوئی کا ان کا اپنا ایک دلچسپ انداز تھا۔ تفصیلات اور جزئیات کا ذکر کچھ اس طرح کرتے کہ منظر سامنے زندہ لگتا۔ 1950 کے لگ بھگ ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی شہر کیٹی بندر میں زمینوں کی آبادکاری کے سلسلے میں وہ کچھ عرصہ وہاں قیام پذیر رہے۔ ان کے لینڈ لارڈ کراچی کے رہائشی تھے، سو کراچی آنا جانا رہتا۔

کراچی کے مضافاتی علاقے ملیر میں ندی کنارے ان کے لینڈ لارڈ کے باغات بھی تھے۔ اس وقت کے کراچی کی جو تفصیلات حافظے میں یاد رہیں ان کے مطابق یہ ساحلی شہر نہایت خوبصورت، منظم، عوام اور کاروبار دوست تھا۔

1979 میں پہلی بار خود کراچی جانا ہوا تو اس نوسٹیلجیک شہر کی کچھ باقیات دیکھنے کا موقع ملا، سرکلر ریلوے میں سفر کرنا ابھی تک یاد ہے۔ پہلی ملازمت اسی شہر میں شروع کی، بعد ازاں اسی شہر میں شادی شدہ زندگی کا پہلا گھر بسایا۔ ڈرائیو ان سینما شہر کی ثقافتی پہچان تھا۔ کلفٹن کنارے ساحل پر پانی قدموں سے لپٹتا تھا۔ مزارِ قائد کے اطراف وسیع لان ایک دنیا کو مسحور کرتے۔ نمائش چورنگی کی رونقیں ابھی باقی تھیں۔

اس سڑک یعنی ایم اے جناح روڈ اور صدر کے اطراف کی دیگر سڑکوں پر سینماؤں کی بہار تھی۔ کراچی ائیر پورٹ ملک کا واحد انٹرنیشنل ائیر پورٹ تھا۔ عموماً انٹرنیشنل فلائٹس رات کو آتی جاتیں۔ کئی بار مہمانوں کو ائیر پورٹ لینے یا چھوڑنے جانا پڑا، رات کے پچھلے پہر کارساز یا سیمنٹ فیکٹری کے پاس سے گزرنے والی سنسنان سڑک پر کبھی ڈر محسوس نہ ہوا۔

بیروت سے مشابہت کے حامل اس شہر کے بیشتر حصوں میں زندگی رات بھر روشن اور رواں دواں رہتی، شاید اسی لیے کراچی شہر کو عروس البلاد کا نام بھی دیا جاتا۔ گلف کے جن شہروں کا آج ڈنکا بجتا ہے، ان میں اس وقت تک قبائلی سادگی اور آس پاس صحراؤں میں ریت کی آندھیوں کا بسیرا تھا۔

اس تناظر میں کراچی شہر کو عروس البلاد کا لقب بے وجہ نہ تھا مگر پھر دیکھتے ہی دیکھتے شہر کیا سے کیا ہو گیا۔ رہی سہی کسر 1985 میں ایک سڑک حادثے نے پوری کر دی جس نے شہر میں نسلی و لسانی تصادم کی بنیاد رکھ دی۔ یوں بے ہنگم پھیلاؤ، آبادی کے بوجھ تلے کراہتا شہر اپنی روشنیاں گنوا بیٹھا۔ امن و امان مارا ماری، دھکم پیل اور خوف کے سامنے زرد رو ہو گیا۔

معروف آرکیٹکٹ عارف حسن لگ بھگ پچاس سال سے اربن پلاننگ اور اس کے ثقافتی تال میل پر لکھتے آئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے اپنے ایک مضمون میں انھوں نے اس کراچی کی یادیں تازہ کیں جو انھوں نے بچپن اور جوانی میں دیکھا تھا۔ ان کے مطابق چالیس، پچاس اور ساٹھ کی دہائی کا کراچی ایک ایسا شہر تھا جہاں عام آدمی سانس لے سکتا تھا۔

صدر کے برآمدے ہوں، برنس گارڈن ہو، فریئر ہال کا لان ہو یا کلفٹن اور ہاکس بے کے ساحل، ہر طبقے کے لوگ ایک ساتھ وہاں نظر آتے تھے۔ اس وقت کی عمارتیں یہاں کے موسم کے حساب سے بنتی تھیں۔ مقامی پیلے پتھروں، کھلے برآمدوں، صحنوں اور ہوا کے گزر کا خیال رکھا جاتا تھا تاکہ گرمی میں بھی مکان اور گلیاں ٹھنڈی رہیں۔ ثقافتی اعتبار سے کھلا ڈھلا شہر تھا، رواداری اور برداشت کا چلن تھا، سب باسیوں کو شہر اپنا ہونے کا گمان تھا۔

وقت کے ساتھ کراچی کی آبادی اس رفتار سے بڑھی کہ شہر کا ڈھانچہ اسے سنبھال نہ سکا۔ 1947ء میں کراچی کی آبادی ساڑھے چار لاکھ کے قریب تھی۔ تقسیم کے بعد، 1971ء کے حالات، افغان جنگ کے اثرات اور ملک کے دیگر شہروں اور دیہات سے روزگار کی تلاش میں آنے والے شہر کو پھیلاتے چلے گئے۔

1970ء کے اوائل میں یہ آبادی 35 لاکھ ہوئی، 2000ء تک ایک کروڑ سے آگے نکل گئی اور آج دو کروڑ سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے۔ اتنے کم وقت میں آبادی کا اتنا بڑا اضافہ کسی بھی شہر کیلیے ایک بڑا امتحان ہوتا ہے، مگر اس دوران دوسری خرابی یہ ہوئی کہ ہر آن بڑھتی آبادی کی مناسبت سے بنیادی شہری منصوبہ بندی اور سہولتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

سستے مکان اور منظم رہائشی اسکیمیں نہ بنیں تو بڑھتی آبادی نے کچی آبادیوں کا رخ کیا۔ آج شہر کے ایک بڑے حصے میں لوگ ایسی بستیوں میں رہتے ہیں جہاں پینے کے صاف پانی، سیوریج اور صفائی کا مناسب انتظام نہیں۔ نالوں، ڈھلانوں اور پٹریوں کے کنارے بستیاں بن گئیں، لوگ پانی کیلیے ٹینکر مافیا اور سر چھپانے کیلیے قبضہ گروپوں کے رحم و کرم پر آ گئے۔

شہر کی منصوبہ بندی میں نجی گاڑیوں کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی۔ پیدل چلنے والوں اور عام سواریوں کے بجائے سگنل فری سڑکوں، فلائی اوورز اور انڈر پاسز پر زیادہ توجہ مبذول ہو گئی۔

تیز چلنے والی گاڑیوں کیلیے بڑی بڑی سڑکیں تو بنیں، مگر عام آدمی کیلیے سڑک پار کرنا مشکل ہو گیا۔ شہر میں دنیا کے بڑے شہروں کے برعکس ایک مضبوط اور سستا پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام موجود نہیں، اس لیے لاکھوں لوگ موٹر سائیکلوں، رکشوں اور پرانی بسوں پر سفر کرتے ہیں، یوں بڑی شاہراہوں پر ہر وقت رش اور شہر میں فضائی آلودگی کا راج رہتا ہے۔

اسی دوران عمارتوں کی شکلیں بھی بدل گئیں۔ مقامی موسم اور روایتی ڈیزائن کے بجائے شیشے اور کنکریٹ کی ایسی عمارتیں بننے لگیں جو باہر کی دنیا سے نقل کی گئی تھیں۔ ساحل کے قریب اونچی عمارتوں اور بند ڈھانچوں نے ہوا کے قدرتی راستوں کو روکا اور کنکریٹ و تارکول نے گرمی کو جذب کیا۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ شہر کے کئی حصے تپنے لگے۔ 2015ء کی شدید گرمی اور بعد ازاں بار بار کی ہیٹ ویو نے اس بے تکی اور ناموزوں بلڈنگز پلاننگ کا نتیجہ سب کے سامنے لا کھڑا کیا۔

ماحول کے باقی مسائل بھی روزمرہ زندگی کو مشکل بنا رہے ہیں۔ گاڑیوں کا دھواں، کارخانوں کی آلودگی اور تعمیرات کا گردوغبار ہوا کو خراب کر رہا ہے۔ روزانہ نکلنے والا ہزاروں ٹن کچرا پوری طرح ٹھکانے نہ لگ سکے تو گلیوں اور نالوں میں جمع ہوتا ہے، اور بارش آتے ہی برساتی نالے بھر جانے سے سڑکوں اور گھروں میں پانی کھڑا ہو جاتا ہے۔

ساتھ ہی صاف پانی کی کمی بھی ایک مستقل پریشانی بنی ہوئی ہے۔ دوسری جانب روزگار کی کمی، ناانصافی اور بے روزگاری کے سبب جرائم اور عدم تحفظ کو ہوا ملی۔ شہر صرف اینٹ، پتھر، سڑکوں اور عمارتوں کا نام نہیں، بلکہ زندہ شہر اس بات سے پہچانے جاتے ہیں کہ وہاں رہنے والے عام انسان کتنی آسانی اور عافیت سے زندگی گزار سکتے ہیں۔

ایک کراچی شہر ہی کیا، ملک کے لگ بھگ تمام بڑے شہروں کا ایک سا المیہ ہے، ایک سا نوحہ ہے۔ اگر ہم نے یونہی اپنے شہروں کو بے ترتیب پھیلاؤ اور جنونی کمرشلزم کے حوالے کیے رکھا تو شاید پچاس سال بعد یہاں بسنے والے 2026 کو نوسٹیلجیا جان کر اسے یاد کریں گے۔ ہاں اگر اب بھی کراچی اور دیگر شہروں کو ہم عام انسانوں اور ماحول کو "مرکز” بنا کر منصوبہ بندی کے نئے دور کی بنیاد رکھیں تو شاید اب بھی سنبھلنے کی گنجائش باقی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ