دُلہن کی سرکاری ملازمت عارضی نکلنے پر دولہا کا عین وقت پر شادی سے انکار

news 1795275480 8480



news 1795275480 8480

(24 نیوز)بھارت میں رشتہ طے ہونے کے بعد دلہن کی سرکاری ملازمت کی اصل نوعیت سامنے آنے پر دولہا کے خاندان نے منگنی توڑ کر شادی منسوخ کر دی، جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلچسپ اور متنازع معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب دولہا کے ایک دوست نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ریڈٹ‘ (Reddit) پر اس کی تفصیلات شیئر کیں۔ پوسٹ کے مطابق لڑکے اور لڑکی کا تعارف ایک میٹریمونیل ایپلیکیشن کے ذریعے ہوا تھا، جس کے بعد دونوں خاندانوں کی رضامندی سے منگنی ہو گئی اور شادی کی تاریخ بھی طے کر دی گئی تھی۔

تاہم، بعد ازاں خاتون کی ملازمت کی تفصیلات دونوں خاندانوں کے درمیان شدید اختلاف کا باعث بن گئیں۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ نجی کالج سے بی ایس سی کی ڈگری رکھنے والی خاتون ریاستی حکومت کے ایک محکمے میں ملازمت تو کرتی تھیں، لیکن ان کی نوکری مستقل ہونے کے بجائے عارضی (کنٹریکٹ) تھی، جسے انہوں نے اپنی پروفائل میں واضح نہیں کیا تھا۔

دوسری جانب دولہا نے ایک معروف ادارے سے انجینئرنگ اور بیرونِ ملک سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی اور وہ بھارتی خلائی تحقیقی ادارے ’اسرو‘ (ISRO) میں بطور سائنسدان اچھی تنخواہ پر کام کر رہے تھے۔

 رشتہ طے ہونے سے قبل خاتون نے ہونے والے شوہر کے لیے اچھی آمدنی، ذاتی گھر، گاڑی اور لمبے قد جیسی شرائط بھی رکھی تھیں، تاہم لڑکے کا قد 5 فٹ 5 انچ ہونے کے باوجودجس کا ذکر پروفائل میں موجود تھا،معاملات طے پا گئے تھے۔

جب لڑکے کے خاندان کو معلوم ہوا کہ خاتون کی سرکاری نوکری مستقل نہیں ہے تو انہوں نے حقائق چھپانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شادی سے انکار کر دیا۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے پر ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ صارفین کی ایک بڑی تعداد نے دولہا کے خاندان کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ شادی جیسے حساس رشتے کی بنیاد سچائی پر ہونی چاہیے اور ملازمت کی اصل حیثیت چھپانے سے اعتماد کو ٹھیس پہنچتی ہے۔

 اس کے برعکس کئی صارفین کا کہنا ہے کہ کسی ایک فریق کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیان کردہ کہانی کی بنیاد پر کوئی حتمی رائے قائم کرنا مناسب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امریکہ کو مطلوب انڈرورلڈ ڈان ڈرامائی آپریشن کے دوران میکسیکو سے گرفتار





Source link

متعلقہ پوسٹ